Live Updates

پاک فوج کے ساتھ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ہے، مودی سن لی! نواب زادہ انیس الدین رومی

جانباز سپوتوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی

اتوار 11 مئی 2025 18:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)فکر دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی چیئرمین نواب زادہ انیس الدین رومی نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی جرأت مندانہ اور فوری کارروائی قابلِ فخر ہے،پاکستان کے جانباز سپوتوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل کے مرکزی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے ناپاک عزائم خاک میں مل چکے ہیں، اور اگر دشمن نے دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ اُن کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا بچہ بچہ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے اور دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم نہ صرف نظریاتی طور پر متحد ہیں بلکہ عملی طور پر بھی ہر محاذ پر اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

نواب زادہ انیس الدین رومی نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرضِ وجود میں آیا، اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری وہ مجاہد انجام دے رہے ہیں جو جذبہ جہاد سے سرشار ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر تمام سیاسی، مذہبی، اور سماجی طبقات سے اپیل کی کہ قومی وحدت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے تمام تر اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ایک صف میں کھڑا ہونا ہوگا کیونکہ ’’پاکستان ہے تو ہم ہیں‘‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ریاست ماں کی مانند ہوتی ہے اور ماں کی حرمت اور تحفظ کے لیے ہر قربانی دینی پڑتی ہے۔ آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہم افواجِ پاکستان، رینجرز اور انٹیلیجنس اداروں پر اعتماد کا اظہار کریں اور ان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنائیں۔انہوں نے پاک فوج، فضائیہ، اور بحریہ کے تمام سپہ سالاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خصوصی طور پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اُن کا سایہ ہمیشہ اس ملک پر قائم رکھے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں قوم کو اعتماد اور حوصلہ ملا ہے اور وہ ایک محب وطن اور نڈر سپہ سالار کے طور پر ابھرے ہیں۔نواب زادہ انیس الدین رومی نے آخر میں کہا کہ فکر دفاع پاکستان کونسل وطن کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور دشمن کے خلاف ہر محاذ پر افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات