حیدرآباد اسمال چیمبر کاافواجِ پاکستان، بالخصوص پاک فضائیہ کے بہادر و پروفیشنل پائلٹس کو زبردست خراجِ تحسین پیش

پاک فضائیہ نے دشمن کی جارحیت کا موثر جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اور دنیا بھی پاکستانی پائلٹس کی مہارت اور جرت کی قائل ہو گئی،محمدسلیم میمن

اتوار 11 مئی 2025 20:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)حیدرآباد اسمال چیمبر اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں افواجِ پاکستان، بالخصوص پاک فضائیہ کے بہادر و پروفیشنل پائلٹس کو چیمبر کی طرف سے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے کہ جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا موثر جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اور دنیا بھی پاکستانی پائلٹس کی مہارت اور جرت کی قائل ہو گئی۔

ایک بیان میں سلیم میمن نے کہا کہ جنگ پاکستان کا پہلا انتخاب کبھی نہیں رہا اور بطور تاجر، ہمیشہ پرامن ماحول، خطے میں استحکام اور ہمسایہ ممالک سے باعزت تعلقات کے خواہاں رہے ہیں کیونکہ تجارت، ترقی اور خوشحالی اسی ماحول میں پنپ سکتی ہے۔ مگر جب دشمن نے حملہ کیا تو افواجِ پاکستان نے دشمن کو ایسی زبان میں جواب دیا جو وہ بہتر سمجھتے ہیں، یہ حقیقت ہے کہ 22 اپریل کو ہونے والے مقبوضہ کشمیر حملے کو بہانہ بنا کر بھارت نے 7 مئی کو ''آپریشن سندور'' کے تحت پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا۔

(جاری ہے)

مگر اللہ رب العزت کے فضل اور افواج پاکستان کے فولادی عزم کے باعث پاکستان نے ''آپریشن بنیان المرصوص'' کے ذریعے نہ صرف دشمن کے رافیل طیارے، ڈرون اور میزائل تباہ کیے بلکہ عالمی سطح پر یہ پیغام دیا کہ پاکستان کو کمزور سمجھنا دشمن کی بہت بڑی غلطی ہو گی، محمد سلیم میمن نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور عسکری قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی دور اندیش حکمت عملی کے باعث بھارت کوبین الاقوامی طاقتوں کے سامنے پاکستان کے ساتھ سیز فائر کروانے کی درخواست کرنی پڑی۔

ان کی قیادت نے واضح کر دیا کہ پاکستان نہ تو جنگ چاہتا ہے، نہ کمزوری دکھائے گا، بلکہ ''امن کے ساتھ عزت و وقار'' کی پالیسی پر کاربند رہے گا، انہوں نے کہا کہ اِن جنگی حالات نے واضح کر دیا ہے کہ مضبوط دفاع کے ساتھ ملک کی معیشت کی استحکامی اور ٹیکنالوجی میں ایڈوانسمنٹ بھی بہت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ اس موقع ہم سب کو ِ عہد کرنا چاہیئے کہ جس طرح ہم نے متحد ہو کر افواجِ پاکستان کا ساتھ دیا اسی طرح ملک کی ترقی، خوش حالی اور خود اِنحصاری کے لیے بھی ہم سیاسی و سماجی اختلافات سے بالاتر ہو کر یکجہتی، محنت اور خلوص کے ساتھ آگے بڑھیں گے، صدر چیمبر نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی قیادت میں حاصل کردہ ایٹمی صلاحیت آج پاکستان کے دفاع کی مضبوط ترین ضمانت ہے، سلیم میمن نے کہا کہ پاکستان کے تاجر اور صنعتکار امن و استحکام میں سب سے زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ یہی معیشت، روزگار، سرمایہ کاری اور ٹیکس نیٹ کی بنیاد ہے۔

مگر جب بھی وطن عزیز پر مشکل وقت ہو گا، کاروباری برادری ہر اول دستے کی طرح اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہے گی، ہم شکر گزار ہیں ان برادر اِسلامی ممالک کے جنہوں نے سیز فائر کے لیے کردار ادا کیا، اِس موقع پر ہم اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک بار پھر عزت و سربلندی عطا ہوئی۔