آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘کی کامیابی پر استحکام پاکستان پارٹی کی پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی

شعیب صدیقی کی زیر قیادت استنبول چوک سے فیصل چوک تک نکالی گئی ریلی میں کارکنان کی کثیر تعداد کی شرکت

اتوار 11 مئی 2025 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘کی کامیابی پر استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔جنرل سیکرٹری آئی پی پی پنجاب شعیب صدیقی کی زیر قیادت نکالی گئی ریلی میںصدر لاہور ملک زمان نصیب، صدر شعبہ خواتین پنجاب تسکین خاکوانی،رانا جاوید اقبال، ملک عمیر واحد، علی ملک، عمران ہارون گل اور دیگر پارٹی رہنما شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

ریلی استنبول چوک سے فیصل چوک تک ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شعیب صدیقی نے کہا کہ پاک افواج نے جو کامیابی حاصل کی ہے اس نے پوری دنیا کو خاموش کروا دیا،دنیا آج پاکستان کی جرات کو سلام کررہی ہے ،پاکستان نے بھارت کو جواب دے کر پوری دنیا کو واضح پیغام دیا ہے،قوم پاکستانی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ملک زمان نصیب نے کہا پاکستانی فوج ہمارے سر کا تاج ہے،پاکستانی فوج نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،قوم پاک فوج سے ساتھ کھڑی ہے۔ریلی میں کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔