Live Updates

واشنگٹن میں پاکستانیوں، کشمیریوں اور سکھوں کا بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاج

اتوار 11 مئی 2025 21:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) امریکہ میں مقیم پاکستانی، کشمیری اور سکھ برادریوں نے واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاج کی کال فرینڈز آف کشمیر نے دی تھی۔مظاہرین نے” مودی دہشت گرد ہے، مودی کا پہلگام ڈرامہ بے نقاب، کشمیریوں کی تحریک آزادی جاری رہے گی اور بن کے رہے گا خالصتان جیسے نعرے لگائے“۔

انہوں نے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مودی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب، سکھ فار جسٹس کے مرکزی رہنما بلوندر سنگھ چٹھہ، کشمیری کمیونٹی کے رہنما محمد زبیر خان، ڈاکٹر عاشر حسین، مظہر چغتائی اور دیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ پہلگام واقعہ دراصل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا جھوٹا فلیگ آپریشن تھا جو ثابت ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حکومت اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2000 ءمیں بھی بھارتی ایجنسیوں نے صدر کلنٹن کے دورے کے دوران ایک قاتلانہ ڈرامہ رچایا تھا اور چٹی سنگھ پورہ میں 35 سکھوں کا قتل عام کیا ۔ بھارتی ایجنسیوں نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے دورہ بھارت کے دوران بھی اسی طرح کا قتل عام کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر رکھا ہے ، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی قبضے کے خاتمے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات