Live Updates

پشاور، ضلعی انتظامیہ نے ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز اڑانے پرپابندی عائد کر دی

پابندی 30 دن کیلئے نافذ العمل رہے گی، یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورت حال، اہم تنصیبات کی حفاظت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے، انتظامیہ

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 12 مئی 2025 15:10

پشاور، ضلعی انتظامیہ نے ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز اڑانے پرپابندی عائد ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 مئی 2025)پشاورکی ضلعی انتظامیہ نے ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز اڑانے پرپابندی عائد کر دی،پابندی 30 دن کیلئے نافذ العمل ہے اور خلاف ورزی پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ضلعی انتظامیہ پشاور کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورت حال، اہم تنصیبات کی حفاظت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر یہ پابندی سیکشن 144 CrPC کے تحت لگائی۔انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پابندی کا مقصد کسی بھی ممکنہ افراتفری یا بدامنی کے خطرات کو روکنا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں، تاکہ سیکیورٹی اقدامات کو موثر بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاک فوج نے بھارت کی جانب سے بھجوائے گئے مزید 48 ڈرونز مار گرائے تھے۔ پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔ پاک فوج نے مزید 48 ڈرونز مار گرائے تھے جس کے بعد اب تک گرائے گئے ڈرونز کی تعداد 77 ہوگئی تھی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے 4 جدید اسرائیلی ہیروپ ڈرونز کو اوکاڑہ کینٹ کے علاقے میں آبادی سے کچھ فاصلے پر فصلوں میں گرایا گیاتھا۔

سکیورٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک فوج کی جانب سے ایک ڈرون کو وہاڑی، ایک کو پاکپتن میں تباہ کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک فوج دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی تھیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ڈرونز مسلسل ریڈارپر مانیٹر کئے جا رہے تھے جب بھی کوئی ڈرون آتا ہے تو وہ مسلسل ریڈار پر دیکھاجا رہا ہوتا تھا۔ ہمارے ایئر ڈیفنس سسٹم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ چھوٹے ڈرون کو بھی ٹریک کر لیتا تھا۔ شہری علاقوں اور کمرشل فلائٹس کی موجودگی میں ڈرون مارگرانے کا ایک آپریشنل طریقہ کار تھا۔پاکستان میں اسرائیلی ڈرونز سے دراندازی کی کوشش کی تھی تاہم پاک فوج نے سوئفٹ اور ہارڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے 29 ہیروپ ڈرونز مار گرائے تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات