Live Updates

قومی صنعتی تعلقات کمیشن کے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کے جنرل منیجر ایچ آر محمد فرقان کو چھ ماہ قید

ہزار روپے جرمانہ اور نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری

پیر 12 مئی 2025 19:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء) قومی صنعتی تعلقات کمیشن (NIRC) کے ممبر عبدالغنی مینگل نے دین محمد بنام پی ٹی سی ایل کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) کے جنرل منیجر ایچ آر، محمد فرقان کو چھ ماہ قید، 50 ہزار روپے جرمانہ اور نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔یہ فیصلہ اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ این آئی آر سی، ہائی کورٹ، اور بالآخر سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود پی ٹی سی ایل کے ملازم کو ان کی نوکری پر بحال نہیں کیا جا رہا تھا۔

عدالتی احکامات کے مطابق ملازم کی ملازمت کی بحالی برقرار رکھی گئی تھی، لیکن پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد سے انکار کیا۔عدالت نے محمد فرقان کے اس عمل کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے نہ صرف ان پر جرمانہ اور قید کی سزا سنائی بلکہ انہیں فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

مزید برآں، عدالت نے انہیں آئندہ کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے میں ملازمت کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ممبر این آئی آر سی عبدالغنی مینگل نے اپنے فیصلے میں اس بات پر زور دیا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہ صرف قانون کی توہین ہے بلکہ ملازم کے بنیادی حقوق کی پامالی بھی ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات