بھارتی بزدلانہ کاروائیوں میں زخمیوں کا حوصلہ قابل تعریف، صوبائی وزیر زراعت

پاکستانی قوم کے بلند ارادوں کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی

منگل 13 مئی 2025 13:09

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ بھارتی بزدلانہ جنگی کارروائیوں کے دوران زخمی ہونے والے افراد کا حوصلہ قابل تعریف ہے،بھارتی جنگی عزائم کے خلاف مسلح افواج کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی عظیم جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا،صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جنگی صورتحال کے دوران پاکستان کے عوام نے متحد ہو کر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت کے لیے پاکستانی قوم کے بلند ارادوں کو کوئی شکست نہیں دے سکتا،صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ اگر کسی نے ہمارے ملک کو میلی آنکھ سے دیکھا تو پاک افواج کے ساتھ ساتھ عوام بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں ،ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈی پی او راشد ہدایت اور آرمی افسران کے ہمراہ سی ایم ایچ کا دورہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے بھارتی ڈرونز سے زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں اور دو افراد کی عیادت کی،دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ رب نواز، زخمی افراد کے اہل خانہ اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، صوبائی وزیر زراعت، ضلعی و آرمی افسران نے زخمیوں کو وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، کرسچن کمیونٹی کے زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کے لیے نواحی علاقے کے پاسٹر نے خصوصی دعا بھی کی، اس موقع پر زخمیوں کے اہل خانہ اور اہل علاقہ نے پاک افواج کے کامیاب آپریشن پر مسلح افواج کے حق میں بھرپور نعرہ بازی کی۔