Live Updates

منعم ظفر خان کی سی ای او واٹر کارپوریشن سے ملاقات ، شہریو ں کو پانی فراہمی کا مطالبہ

سخت گرمی میں عوام کو پانی میسر نہیں ،بار بار لائین ٹوٹنے سے آدھے سے زیادہ شہر کو فراہمی معطل اور ٹینکر مافیا کی چاندی ہو جاتی ہے ، نعمت اللہ خان کے دور کا کے فور منصوبہ بروقت مکمل ہو جاتا تو شہر میں پانی کا یہ بحران نہ ہوتا ،منعم ظفر خان کی ملاقات میں گفتگو

منگل 13 مئی 2025 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر قیادت وفد نے شہر بھر میں پانی کے شدید بحران اورعوام کی مشکلات و پریشانیوں کے حوالے سے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے سی ای او احمد علی خان ، سی او اواسد اللہ خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اور شہرمیں پانی کی عدم فراہمی کے باعث پیدا شدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ، مسائل سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ شہریوں کو ان کے گھروں کے نلکوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، واٹر کارپوریشن کا عملہ اپنی نا اہلی ختم کرے ، وفد میں اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ ، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی ، ٹائون چیئر مین لانڈھی عبد الجمیل خان ، ٹائون چیئر مین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد احمد اور سینئر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد بھی شامل تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں چیف انجینئر واٹر محمد علی شیخ ، چیف انجینئر سیوریج منیر بٹ اور چیف انجینئر واٹر ٹرنک معین الدین ، سید اعجاز احمد بھی موجود تھے ۔ منعم ظفر خان ملاقات میں نے کہا کہ شہر میں پانی کی سپلائی کی مرکزی لائین گزشتہ چند ماہ میں متعدد بار ٹوٹ چکی ہے جس کی وجہ سے ہر تھوڑے عرصے کے بعد آدھے سے زیادہ شہر کو پانی کی فراہمی معطل ہو جاتی ہے اور ٹینکر مافیا کی چاندی ہو جاتی ہے ۔

شدید گرمی کے موسم میں کراچی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں ، ، 2005میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور کا شروع کیا گیا کے فور منصوبہ اپنے وقت پر مکمل ہو جاتا تو شہر میں پانی کا یہ بدترین بحران نہ ہوتا ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ پانی کی عدم فراہمی کے باعث عوام نہ صرف شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں بلکہ وہ احتجاج اور مظاہرے بھی کر رہے ہیں ۔

جب شہریوں کو ان کے گھروں کے نلکوں میں پانی نہیں ملے گا اور ان کے سامنے واٹر ہائیڈرینٹ سے ٹینکرز بھرے جا رہے ہوں گے اور وہ مہنگے داموں ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہوں گے تو ان کے اندر شدید غم و غصہ اور اشتعال تو پیدا ہو گا ، اس لیے ضروری ہے کہ کراچی میں پانی کے مسائل فور ی حل کیے جائیں، منعم ظفر خان نے کہاکہ کراچی کے حصے کا جو پانی ہے وہ اسے پورا نہیں دیا جاتا اور جو دیا جاتا ہے وہ بھی سرکاری سرپرستی میں ٹینکر مافیا اور پانی چوروں کی ملی بھگت کے باعث شہریوں کو نہیں مل پاتا، پیپلز پارٹی 17سال سے مسلسل سندھ میں اقتدار میں ہے ،صوبے کا پورا بجٹ اس کے ہاتھوں میں ہے اور شہری اداروں پر بھی وہ قابض ہے وہ بتائے کہ پانی کا مسئلہ ابھی تک حل کیوں نہیں کیا گیا ،کئی بار کے فور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے باوجود یہ منصوبہ تا حال مکمل کیوں نہیں ہوا ۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات