Live Updates

تنازعہ جموں وکشمیر ایک بار پھر جنوبی ایشیاکا ایٹمی فلیش پوائنٹ بن گیاہے، حریت کانفرنس،کشمیری مائیں سالہا سال سے دوران حراست لاپتہ بیٹوں کی منتظر

بدھ 14 مئی 2025 17:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ سے تنازعہ جموں وکشمیر ایک بار پھر جنوبی ایشیاکا ایٹمی فلیش پوائنٹ بن گیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس تنازعے نے خطے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تنازعہ کشمیر کے باوقار حل کے بغیر ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی خوش آئند ہے،تاہم بھارت کا جنگی جنوں اورجارحانہ طرزعمل خطے کے لاکھوں افراد کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ کشمیر کوئی علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا سوال ہے جسے اقوام متحدہ کی ایک درجن سے زائد قراردادوں میں تسلیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پرمحاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے علاقے میں بدستور خوف ودہشت کا ماحول قائم ہے۔ بھارتی فورسز نے سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں درجنوں گھروں پرچھاپے مارے، املاک کی توڑ پھوڑ کی، سامان ضبط کیا اور نوجوانوں کو کالے قوانین کے تحت گرفتار کیا۔

چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کیاگیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔پاکستان کے خلاف حالیہ جنگ میں بھارت کی ذلت آمیز شکست کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر افواہیں پھیلانے اور ملک دشمنی پر مبنی بیانات پوسٹ کرنے کے جھوٹے الزامات پرکم از کم9 نوجوانوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ دریں اثناء خاندانوں اورماؤں کے عالمی دن“ کے سلسلے میں سول سوسائٹی کے ارکان نے ان کشمیری ماؤں کو درپیش شدید مشکلات اورتکالیف کو اجاگر کیا ہے جن کے بیٹے اور شوہر 1989سے بھارتی فورسز کی حراست میں لاپتہ ہوئے ہیں۔

سول سوسائٹی کے ارکان ڈاکٹر زبیر احمد راجہ اور سید حیدر حسین نے علاقے میں اختلاف رائے کو دبانے کے لئے بھارت کی طرف سے آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین اورریاستی دہشت گردی کے منظم استعمال کی مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری خواتین کو انصاف اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے کی پاداش میں ذہنی اذیت، قیدوبند اور ریاستی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات