Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ، زخمی جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی ، جذبے اور جرات کو خراجِ تحسین

بدھ 14 مئی 2025 19:01

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ، زخمی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے راولپنڈی کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والے فوجی جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی۔ اپنے دورے کے دوران، اسپیکر قومی اسمبلی نے ملک کی سرحدوں کے دفاع میں مسلح افواج کی جرات، حوصلے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے قوم کے محافظوں اور معصوم شہریوں کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جو انہوں نے بھارتی جارحیت کا بہادری سے سامنا کرتے ہوئے دیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے بھارتی فوج کے بلا اشتعال حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی جن کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امن کے قیام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ملک کی خودمختاری کے دفاع کے حق کو اجاگر کیا۔

اسپیکر نے زخمی فوجی جوانوں اور شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور انہیں قوم کی طرف سے مکمل حمایت کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم اس مشکل وقت میں اپنی بہادر افواج اور ثابت قدم شہریوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے سی ایم ایچ راولپنڈی کے طبی عملے کی لگن اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات