Live Updates

مسئلہ کشمیر ایک بارپھر فلیش پوائنٹ بن چکا،عالمی برادری دیرینہ تنازعہ کے پائیدار حل کیلئے تعمیری کردار ادا کرے،وزیراطلاعات آزادکشمیر

بدھ 14 مئی 2025 21:01

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) وزیراطلاعات آزادجموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا اس خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا، بھارتی جارحیت سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے، پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر قوم کا وقار بلند کردیا ہے۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ دنیا پر واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان کبھی بھی اپنی سلامتی پر سمجھوتا نہیں کرے گا، پاکستان کی افواج ایمان کی طاقت سے لبریز ہو کر اپنے ملک کا دفاع کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں بےگناہ شہریوں کا قتل عام کررہا ہے ،حالیہ دنوں کے دوران بھی بھارتی افواج نے پاکستان اور آزادجموں و کشمیر میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بچے،عورتیں اور بزرگ شہید ہوئے، بھارتی جنگی جنوں واضح کررہا ہے کہ بھارت خطے میں امن کاخواہاں نہیں ہے جبکہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام چاہتا ہے ،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی منظر نامے پر ایک بار پھر پوری آب و تاب کے ساتھ نمایاں ہوچکا ہے، دنیا اس مسئلہ کے پائیدار حل کے لیے کردار ادا کرے ، انہوں نے اس موقع پر افواج پاکستان کی دفاع وطن کے لیے قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات