Live Updates

عمران خان کو جعلی مقدمات میں مزید جیل میں رکھنا قوم کو تقسیم کرنے کے مترادف ہوگا

پی ٹی آئی بھارت کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم نے بھارتی بیانیے کو چاروں شانے چت کیا۔ مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 14 مئی 2025 20:04

عمران خان کو جعلی مقدمات میں مزید جیل میں رکھنا قوم کو تقسیم کرنے کے ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 14 مئی 2025ء ) مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے موقع پر پاکستانی قوم متحد ہو چکی ہے،قوم کے اس اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے عمران خان پر درج سیاسی مقدمات کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے، عمران خان ملک کے مقبول لیڈر ہیں، ان کو فوری رہا کرنا چاہیے، عمران خان کو جعلی مقدمات میں مزید جیل میں رکھنا قوم کو پھر سے تقسیم کرنے کے مترادف ہوگا، جعلی حکومت قوم کے اتحاد کے اس سنہری موقع کو ضائع نہ کرے،جعلی حکومت کو قومی اتحاد کی خاطر فسطائی رویہ ترک کرنا ہوگا۔

پی ٹی آئی بھارت کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا نے بھارت کے خلاف سوشل میڈیا کا محاذ کامیابی سے سنبھال رکھا تھا، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم نے بھارتی بیانیے کو چاروں شانے چت کیا، سوشل میڈیا ٹیم نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو زمین بوس کیا۔

(جاری ہے)

 

دوسری جانب اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین عمران خان سے کل ملاقات کا دن ہے، لیکن تحریک انصاف نے ملاقاتیوں کی فہرست میں تبدیلی کردی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا نام فہرست سے نکال دیا گیا جبکہ ان کی جگہ احمد چٹھہ کا نام شامل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان سے کل اڈیالہ جیل ملاقات کرنے والوں کی فہرست سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا نام نکال دیا گیا۔ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی فہرست سے علی امین گنڈا پور کا نام خارج کرکے ان کی جگہ احمد چٹھہ کا نام شامل کر دیا گیا۔نئی فہرست اڈیالہ جیل حکام کو بھجوا دی گئی، فہرست میں فردوس شمیم نقوی، اسامہ حمزہ ایم این اے، میاں غوث ایم این اے، فیصل جاوید اور رانا عاطف ایم این اے کے نام شامل ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھیجی گئی فہرست میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا نام شامل کیا گیا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات