بلاول بھٹو زرداری کی رکنِ بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے پر حملے کی مذمت

بدھ 14 مئی 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنما و رکنِ بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کوئٹہ میں پیش آنے والے دہشتگردانہ حملے میں علی مدد جتک کے محفوظ رہنے پر تشکر کا اظہار کیا اور اُن کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علی مدد جتک کے قافلے کو نشانہ بنانا بزدلانہ فعل اور کھلی دہشتگردی ہے، لیکن اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پیپلز پارٹی کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ علی مدد جتک کے قافلے کو نشانہ بنانے میں ملوث دہشتتگرد جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔ انہوں نے واقعے کے زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کی اور زور دیا کہ اُن کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔