Live Updates

سمندر پا رپاکستانی اور کشمیری برادری نے بھارت کی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کے آپریشن ''بنیان المرصوص'' کی کامیابی کا جشن منایا

جمعرات 15 مئی 2025 00:00

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) سمندر پا رپاکستانی اور کشمیری برادری نے بھارت کی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کے آپریشن ''بنیان المرصوص'' کی کامیابی کا جشن منایا۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق بدھ کو یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے سامنے منعقدہ تقریب کے شرکاء نے بھارت کی جارحیت کے خلاف پاک افواج کی قربانیوں اور پہلگام حملے پر بھارت کے جھوٹے الزامات اور جنگی جنون کو بھی اجاگر کیا۔

تقریب کا مقصد پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حالیہ بھارتی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانا تھا۔ تقریب میں بیلجیئم کے مختلف شہروں سے پاکستانیوں اور کشمیریوں نے بھرپور شرکت کی۔ انہوں نے ''پاکستان زندہ باد'' اور ''پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد'' کے نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی رہنمائوں چوہدری پرویز اقبال لوسر، فرید خان اور مہر صفدر علی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جس نے ہمیشہ امن کی وکالت کی ہے لیکن امن سے محبت کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے دشمن کو بھرپور جواب دینے پر جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں کامیاب حالیہ آپریشنز پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے عالمی برادری بالخصوص یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر کے جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے قیام میں موثر کردار ادا کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات