پنجاب سے سینیٹ نشست کیلئے حافظ عبدالکریم نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

جمعرات 15 مئی 2025 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلی حافظ عبدالکریم نے پنجاب سے سینیٹ کی خالی نشست کیلئے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن پنجاب میں جمع کرا دیئے۔ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان پنجاب اسمبلی بھی موجود تھے۔یہ نشست جماعت کے امیر پروفیسر ساجد میر کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

حافظ عبدالکریم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر محمد نواز شریف،وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز کے شکر گزار ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحادی کے طور پر ساتھ رہیں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی کے چیف وہپ رانا ارشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قائد محمد نواز شریف کی ہدایت پر حافظ عبدالکریم کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔رانا ارشد نے کہا کہ مرحوم پروفیسر ساجد میر ایک ادارہ تھے اور ان کا خلا پر نہیں کیا جا سکتا۔حافظ عبدالکریم کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 مئی کو صبح 10 بجے ہوگی۔