معرکہ حق :پوری دنیا افواج پاکستان کی صلاحیتوں کو ماننے پر مجبور ہو گئی ، میاں مرغوب احمد

جمعرات 15 مئی 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) وائس چیئر مین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے ایل ڈی اے سکول جوہر ٹائون میں آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر"معرکہ حق" کی خصوصی تقریب میں شرکت کی۔وائس چیئر مین ایل ڈی اے میاں مرغوب نے ایل ڈی اے سکول جوہر ٹائون میں آپریشن "بنیان المرصوص" کی کامیابی کا کیک کاٹا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئر مین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔

ہماری بہادرافواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سرفخر سے بلند کر دیئے ہیں۔ بھارت کو عبرتناک شکست دینے پر پوری قوم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کر تی ہے۔ افواج پاکستان سمیت پوری قوم ہندوستان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کے کھڑی رہی۔

(جاری ہے)

پاکستان تا قیامت قائم رہے گا، اس کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔پوری دنیا افواج پاکستان کی صلاحیتوں کو ماننے پر مجبور ہو گئی ہے۔

آپریشن بنیان المرصوص قومی یکجہتی اور وحدت کا عملی ثبوت ہے۔وائس چیئر مین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں افواج پاکستان اور قوم نے مل کر دشمن کو ناکوں چنے چبوائے ہیں۔معرکہ حق تقریب میں بچوں نے تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے۔تقریب میں پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔تقریب میں ڈائریکٹر ایجوکیشن غلام مرتضیٰ، پرنسپل ایل ڈی اے سکول جوہر ٹائون طاہر اقبال، ظلِ ہما اور دیگر اساتذہ نے شرکت کی۔