Live Updates

خیبرپختونخوا، پی پی پی نے کوہستان میگا کرپشن کے خلاف نیب میں درخواست دائر کردی

بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں میں صرف ملازمین شامل نہیں ،صوبے کی اعلی قیادت بھی شامل ہے، ترجمان

جمعرات 15 مئی 2025 21:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا نے کوہستان میں میگا کرپشن کیخلاف قومی احتساب بیورو میں درخواست دائر کردی۔ ترجمان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا گوہر انقلابی نے بتایا کہ پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری شازی خان نے میگا کرپشن کے خلاف نیب میں درخواست دائر کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوسروں پر الزام تراشی اورکرپشن کے الزامات لگانے والے سرٹیفائیڈ چور نکلے، خود کو ریاست مدینہ کے دعویدار کہنے والوں نے 2020ء سے 2024ء تک صرف ایک محکمے میں 40ارب روپے کی کرپشن کی ہے۔

گوہر نے کہاکہ کہ ایک ڈمپر ڈرائیور کے نا م پر فرضی کنسٹرکشن کمپنی بنا کر اس کے اکائونٹ میں 40ارب روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی، بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں میں صرف ملازمین شامل نہیں بلکہ صوبے کی اعلی قیادت بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا مطالبہ کرتی ہے کہ ان کے نام بھی عوام کے سامنے لائے جائیں کیونکہ یہ جو پارسا بنے ہوئے ہیں یہ سر تاپا کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ تاریخ کی بدترین مثال قائم کرنے پر صوبائی حکومت کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات