نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے ،آئی جی پولیس بلوچستان

جمعہ 16 مئی 2025 13:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) انسپکٹرجنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری اورچیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان عبد الباسط نے کہاہے کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے ،پولیس کی مختلف کارروائیوں میں 179نان کسٹم پیڈ گاڑیاں کسٹمز کے حوالے کی گئی ہے ،سمگل شدہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی،شورومز مالکان کو نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیلئے نوٹسز جاری کئے جائیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پولیس لائن میں پولیس کی کارروائیوں میں پکڑی گئی نان کسٹم پیڈگاڑیوں کی کسٹمز کو حوالگی کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس اعتزاز احمد گورایا، ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ ،ایس ایس پی ٹریفک بہرام خان مندوخیل ،پولیس وکسٹم آفیسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہاکہ محکمہ پولیس کی جانب سے کوئٹہ شہر میں 179نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پکڑی گئی تھی جنہیں آج محکمہ کسٹمز کے حوالے کیاہے جو وہ بعد میں آکشن کیلئے پیش کرینگے ۔

انہوں نے کہاکہ ان گاڑیوں کی وجہ سے 50 کروڑ سے زائد کا انکم سرکاری خزانے میں جمع ہو جائے گا، اس سے پہلے بھی 9 سو سے زائد نان کسٹم گاڑیاں حوالے کئے ہیں، پاکستان کے قانون کے مروجہ قوانین سے ہٹ کر گاڑیوں کے استعمال کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے ۔ملک کے حفاظت کے لیے ہم اپنے خون کی آخری قطرے تک قربانی دینے تک تیار ہے۔ 16مئی کو ملک میں یوم تشکر منایا جارہا ہے، میں بلوچستان پولیس کی نمائندگی کرتے ہوئے یادگارشہداپر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔

بلوچستان پولیس کسی بھی قربانی دینے سے دریغ کرے گی ،افواج، ائیر فورس، نیوی، پولیس سمیت تمام شہدا کے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ چیف کلکٹر کسٹمز عبد الباسط نے آئی جی پولیس بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سمگلنگ کے نتیجے میں ملکی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے، محکمہ کسٹمز پولیس کے ساتھ ملکر سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں، ماضی کی نسبت سمگلنگ میں کمی دیکھنے کو ملی ہے،سمگلنگ کی روک تھام میں پولیس اور کسٹم کا تعاون جاری ہے ،یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مل کر ے ،سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں سے سمگلنگ کے ریشو کی بڑی حد تک کمی آئی ہے، صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے چیف کلکٹر کسٹمز عبد الباسط نے کہاکہ اکشن کے عمل کو ڈیجیٹلائز کررہے ہیں تاکہ گاڑیوں کا اکشن میرٹ پر ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ ٹرانسفر پوسٹنگ سروس کا حصہ ہے چھوٹے سکیل کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والوں کی ٹرانسفر پوسٹنگ ایک جگہ سے دوسری جگہ ہوتی ہے جبکہ بڑے گریڈ والوں کی زیادہ تر ڈیوٹی ایک سال تک ہوتی ہے ،کوئٹہ شہر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے حوالے سے شورومز مالکان کونوٹس دیاجائے گا اگر عمل درآمد نہیں کیا تو پھر کارروائی آگے بڑھائیں گے ۔