وطنِ عزیز کے تحفظ پر ربِ ذوالجلال کا شکر ادا کرتے ہیں ، رہنما پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب

جمعہ 16 مئی 2025 15:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) سابق گورنر پنجاب و صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، چیف کوارڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین، اور میڈیا کوارڈینیٹر جنوبی پنجاب محمد سلیم مغل نے یومِ تشکر کے موقع پر جاری اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آج کا دن ربِ کائنات کا شکر ادا کرنے کا دن ہے جس نے پاکستان کو دشمن کے ناپاک ارادوں سے محفوظ رکھا۔

افواجِ پاکستان کی جرات مندی، پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے عزم و اتحاد نے دشمن کو وہ سبق سکھایا ہے جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔رہنمائوں نے کہا کہ آپریشن "بنیان المرصوص" پاکستان کی عسکری تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس نے دنیا کو یہ باور کرا دیا کہ وطن عزیز پر بری نظر ڈالنے والوں کا انجام ہمیشہ ذلت و ناکامی ہو گا۔

(جاری ہے)

ہمارے سپاہی، ہمارے افسران اور پوری قوم نے ایک سیسہ پلائی دیوار کی صورت دشمن کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد ہمیشہ سے ملکی خودمختاری، جمہوری استحکام اور قومی وقار کے گرد گھومتی رہی ہے۔ ہماری پارٹی نے ماضی میں بھی ہر بحران میں قوم کی رہنمائی کی، اور آج بھی ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی آزادی، وقار اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہر کارکن، ہر رہنما پاکستان کے نظریے، جغرافیے اور خودمختاری کا محافظ ہے۔ ہم ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کے خواہاں ضرور ہیں، مگر اس خواہش کی بنیاد کمزوری نہیں بلکہ خودداری، خود اعتمادی اور قومی غیرت ہے۔