Live Updates

بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرایاجانا چاہیے، حریت کانفرنس

جمعہ 16 مئی 2025 16:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے امریکہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے امن، انصاف اورمقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے جائز سیاسی مطالبات کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے آج''امن کے ساتھ باہم مل جل کر رہنے '' کے عالمی دن پر سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اورکشمیریوں کوانکے سیاسی حقوق سے محروم رکھنے پر جوابدہ بنایاجانا چاہیے ۔

دنیا میں امن، رواداری اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کیلئے یہ دن ہر سال 16 مئی کو منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک فوجی چھائونی اور کھلی جیل میں تبدیل کردیاہے جس کی وجہ سے وہاں غیر یقینی صورتحال ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی نے مقبوضہ کشمیر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اورکشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بی جے پی اور اس کی اتحادی پارٹی کی سازشوں سے ہوشیار رہیں ۔

حریت ترجمان نے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل، نوجوانوں کی جبری گرفتاریوں اور کشمیریوں کے خلاف کالے قوانین کے بے دریغ استعمال کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر جوابدہ ٹھہرائے۔انہوں نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں امن، انصاف اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی۔

حریت ترجمان نے کہاکہ عالمی برادری امن کے اصولوں کا احترام ، تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکراتی عمل کی حوصلہ افزائی اور کشمیری عوام کے سیاسی جذبات اور امنگوں کااحترام کرنا چاہیے ۔انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے منصفانہ موقف کو سراہتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی حمایت کرے اور خطے میں مذاکرات اور امن کو آگے بڑھائے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے 5اگست 2019کو کیے گئے مودی حکومت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کو قبول نہیں کیا ہے۔عبدالرشید منہاس نے حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، سید شیخ احمد شاہ،ڈکٹر حمید فیاض ،بلال صدیقی ، ، مولوی بشیر عرفانی، مشتاق الاسلام، امیر حمزہ، عبدالاحد پرہ، نور محمد کلوال، فیاض حسین جعفری، حیات احمد بٹ، ظفر اکبر بٹ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، محمد یاسین بٹ، سلیمان احمد بٹ، عمر الدین بٹ، عمر الدین بٹ شاہ، انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز اور احسن اونتوکی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی اور انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے اہلخانہ نے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں قیداپنے پیاروں کے تحفظ پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات