Live Updates

شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے،ساجدہ فاروق تارڑ

جمعہ 16 مئی 2025 16:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) معرکہ حق اور یومِ تشکر کے موقع پر حلقہ این ا ے127 میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے پاک بھارت جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے عظیم سپوت علی حیدر کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر ٹو وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر سعود ، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون،ایس پی ماڈل ٹائون اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور قومی پرچم کے سائے تلے ان کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

ساجدہ فاروق تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی سر زمین پر جان قربان کرنے والے جوان ہمارے ہیرو ہیں،آج ہم جس آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں یہ انہی شہدا کی قربانیوں کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کے اہلِ خانہ کو عزت دینا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون اور ایس پی ماڈل ٹائون نے بھی شہید کی قربانی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی بقا و سلامتی شہدا کے لہو کی مقروض ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے اجتماعی دعا کی اور عزم کیا کہ وطنِ عزیز کی سلامتی،ترقی اور استحکام کےلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات