Live Updates

مقبوضہ جموں وکشمیر: تلاشی کی کارروائیوں ،چھاپو ں کا سلسلہ جاری، 3ہزار سے زائد کشمیری گرفتار

جمعہ 16 مئی 2025 17:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا بہیمانہ سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ قابض فورسز نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد سے اب تک 3ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرینگر، شوپیاں، پلوامہ، اسلام آباد، کولگام، سانبہ، ریاسی، ڈوڈہ، کشتواڑ، راجوری پونچھ وغیرہ میں بھارتی فورسز کی پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔

قابض بھارتی اہلکار گھروں میں گھس کر مکینوں کو ہراساں اور اہم دستاویزات، فوبائل فون ، لیپ ٹاپ وغیرہ ضبط اور قیمتی گھریلو اشیاءکی توڑ پھوڑ کر رہے ہیں ۔نوجوانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں گرفتار کر کے تفتیشی مراکز میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

22 اپریل کو پیش آنے والے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد سے3ہزار سے زائد کشمیریوں کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں جن میں زیادہ تر نوجوان ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے آج جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری عوام شدید مسائل ومشکلات سے دوچار ہیں اور وہ اس مسئلے کا فوری اور دیرپا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر نے ہی حال ہی میں دو ایٹمی طاقتوں پاکستان اور بھارت کو ایک اور جنگ کی طرف دھکیلا اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے جائز سیاسی حقوق سے متعلق وعدوں کی خلاف ورزی پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل اور کالے قوانین کے تحت گرفتاری روز کا معمول ہے۔

ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی اور دیگر رہنماؤں کی مسلسل نظر بندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اس پر دبائو ڈالے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات