Live Updates

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں معرکہ حق میں تاریخی فتح پر یوم تشکر منایا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 17:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) صوبائی درالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں معرکہ حق میں تاریخی فتح پر یوم تشکر منایا گیا۔افواج پاکستان اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کوئٹہ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔تفصیلات کےمطابق جمعہ کےروزبلوچستان کے تمام اضلاع میں معرکہ حق میں تاریخی فتح پر یوم تشکر بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔

اس موقع پر مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے افواج پاکستان کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جو دفاع وطن کے جذبے اور پاک فوج کی ناقابل شکست شان کا مظہر تھی۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں جلسے، سیمینارز اور ثقافتی پروگرامز منعقد ہوئے جن میں شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے عوام نے ایک آواز میں کہا کہ ملک کی سلامتی اور خود مختاری کے لئے پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور وہ ملک کے دفاع کے لیے ہر صورت کھڑے رہیں گے۔ نماز جمعہ کے بعد مساجد میں امن و استحکام کی خاطر دعاؤں کا سلسلہ بھی جاری رہا اور ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ محکمہ تعلیم قلعہ عبداللہ کے زیرنگرانی ہائر سیکنڈری سکول قلعہ عبداللہ بازار کے طلباء نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کی خوشی میں یوم تشکر کے موقع پر ریلی نکالی جس میں محکمہ تعلیم کے افسران سمیت ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں سمیت سکول کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

بھارت کے نام نہاد سندور آپریشن کے جواب میں کامیاب بنیان مرصوص آپریشن پر پاکستان کے سول و عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا گیا اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ ضلع خضدار میں یوم تشکر منایا گیا، جمعہ کی صبح خضدار میں پرچم کشائی کی گئی اور ریلی نکالی گئی۔ڈی سی آفس کے احاطے میں پرچم کشائی تقریب میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ ،ایس ایس پی خضدار جاوید زہری ریلی کو لیڈ کررہے تھے،یوم تشکر ریلی میں آل پارٹیز، سیاسی جماعتوں، اقلیتی کمیونٹی کے افراد شریک تھے۔ علاوہ ازیں بھارت کی جانب سے جارحیت کا پاک فوج کی طرف سے منہ توڑ جواب دینے اور دشمن کو پاک فوج کی جانب سے بھاری نقصان پہنچانے پر ملک بھر کی طرح بلوچستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر حب میں یوم تشکر کے حوالے سے سوک سینٹر حب میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو نے پرچم کشائی کی ،پولیس کے چاک و چو بند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔تقریب میں سرکاری افسران میئر حب بابو فیض شیخ ،اے ڈی سی حب علی رضا کھوسو ،اسسٹنٹ کمشنر حب سر بلند خان ،ڈی ایچ او حب ڈاکٹر نر بخش بزنجو ،ڈی ایس پی حب امام بلوچ سمیت شہریوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔اس موقع پر ملک و قوم اور پاک افواج کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

مستونگ میں بھی یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا اور یوم تشکر کی تقریب کے موقع پر لیویز فورس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی شاندار کامیابی پر قوم آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ یوم تشکر منایا گیا اور مساجد میں استحکام پاکستان اور ترقی وخوشحالی کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یومِ تشکر کے سلسلے میں ایس پی آفس ضلع ژوب میں ایس پی ژوب و ایس پی شیرانی شوکت علی کی قیادت میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا، جس میں قومی پرچم کو نہایت عزت و وقار کے ساتھ بلند کیا گیا۔ اس موقع کو ایک پُرعزم یادگار کے طور پر منایا گیا، جو ہمارے سکیورٹی اداروں کی شجاعت، عزمِ اور بے لوث قربانیوں کی روشن مثال ہے،ان کی مسلسل جدوجہد سے نہ صرف قومی مفادات کا تحفظ ممکن ہوا بلکہ قانون کی بالادستی بھی یقینی بنائی گئی۔

ضلع سبی میں بروز جمعہ یوم تشکر ملی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ اساتذہ اور طلباء نے آ پریشن بنیان مرصوص کی صورت میں ملنے والی عظیم فتح پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور افواج کی شاندار کامیابی پر روشنی ڈالی گئی۔ آ خر میں شہداء کی مغفرت اور ملک و قوم اور بہادر افواج کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات