Live Updates

آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر یومِ تشکر، شہداء کے اہل خانہ کے تاثرات

پاک فوج نے فجر کے وقت آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کر کے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، لواحقین

جمعہ 16 مئی 2025 20:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)پاکستانی قوم اور شہداء کے اہل خانہ نے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی عظیم فتح پر یوم تشکر منایا۔اس موقع پر شہداء کے اہلخانہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت ایک بزدل دشمن ہے جس نے رات کے اندھیرے میں معصوم سویلینز پر حملہ کیا، عوام اور پاک فوج اس مشکل گھڑی میں متحد ہو کر ساتھ کھڑے رہے۔

لواحقین نے کہاکہ پاک فوج نے فجر کے وقت آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کر کے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور پاک فوج نے ثابت کر دیا کہ وہ دنیا کے ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،جدید حکمت عملی، بہادر قیادت اور جذبہ شہادت سے لبریز قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔شہداء کے لواحقین نے کہاکہ رات کی تاریکی میں بھارت نے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا جس کا پاک فوج نے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین فوج ہے، ہماری پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، پاک فوج کی شاندار کامیابی پر ہم یوم تشکر اور معرکہ حق منا یا۔

(جاری ہے)

یوم تشکر کے موقع پر میجر ذکا شہید کے اہل خانہ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں،میجر ذکا شہید نے 2012 میں سیاچن میں گیاری سیکٹر کے محاذ پر دفاع وطن میں جام شہادت نوش کیا۔یوم تشکر کے موقع پر میجر ذکا شہید کے سوگواران نے کہاکہ میرے بیٹے نے گیاری میں جام شہادت نوش کیا، افواج پاکستان کی بھارت کے خلاف عظیم فتح پر مجھے بہت خوشی ہوئی۔

میجر ذکا شہید کے والد نے کہا کہ مودی نے جہاز تو خرید لیے مگر پاکستان کی مسلح افواج کے جذبے جیسا جذبہ کہاں سے لے گا، پاک فوج کے جوان جذبہ شہادت سے سرشار ہیں۔شہید بیٹے کی تصویر سے بات کرتے ہوئے والد نے کہا کہ بیٹے آپ کی شہادت کا بدلہ پاکستان کی افواج نے بھارت سے لے لیا۔میجر ذکا شہید کی والدہ نے کہاکہ جب مجھے پاکستان کی مسلح افواج کی فتح کی خبر ملی تو میں نے سجدہ شکر ادا کیا، میں نے دشمن کی شکست کی دعائیں کیں۔

میجر ذکا شہید کے بھائی نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج نے جیسے بھارتی دفاع کو ناکارہ بنایا وہ تاریخی ہے، ہم بھارت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کسی بھول میں نہ رہے، وطن عزیر کی مضبوط بنیادوں میں ہمارے شہداء کا خون شامل ہے۔وطن پر جان نچھاور کرنے والے دو بھائیوں، سپاہی ارشد خان شہید اور حوالدار محمد زاہد شہید کے والدین کو انکی شہادت پر فخر ہے۔

شہداء کی والدہ نے کہا کہ ’’میرے دونوں بچے اس دھرتی اور وطن کی دفاع میں شہید ہوئے میں انکی شہادت پر فخر محسوس کرتی ہوں، میرے بچوں کی شہادت کے صدقے اللہ ہماری منزل آسان کرے،میرے دونوں بچے نیک صالح اور خدمت کرنے والے تھے،دونوں بچوں کی شہادت قلیل عرصے میں ہوئی، اللہ تعالیٰ ہمیں صبر عطا فرمائے،آمین۔اس موقع پر والد نے کہاکہ جوان بچوں کی شہادت پر فخر ہے، اللہ نے مجھے دو شہید بچے دیے، سب کی خواہش ہوتی ہے کہ شہادت کی موت نصیب ہو لیکن صرف خوش نصیبوں کو یہ سعادت نصیب ہوتی ہے، میرے بچوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

بھائی نے کہا کہ دشمن یہ نہ سوچے کہ ہم حوصلہ ہار گئے ہیں، ہم کبھی بھی دشمن کو انکے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی شاندار کامیابی پر کیپٹن روح اللہ شہید کے والد نے بھی اپنے تاثرات دیے۔والد کپٹین روح اللہ شہید نے کہا کہ معرکہ حق، پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا، افواجِ پاکستان نے اپنے عزم، حوصلے اور قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

شہید کا والد نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہے کہ اس نے ہمیں کامیابی عطا فرمائی اور ہمیں مضبوط اور بے خوف فوج عطا کی، افواج پاکستان نے ہمیشہ وطن کے دفاع کیلئے مثالی قربانیوں سے پوری قوم کا سر اقوام عالم میں فخر سے بلند کیا۔والد کپٹین روح اللہ شہید نے کہاکہ دشمن نے یہ سمجھا کہ ہماری فوج مغربی سرحد پر فتنے باز خوارج سے نبرد آزما ہے، تو شاید وہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کر لے گا۔

مگر وہ یہ بھول گیا کہ اس کا مقابلہ ایک نڈر، باحوصلہ اور غیرتمند قوم اور افواج سے ہے۔شہید کے والد نے کہاکہ بیٹے کو وطن پر قربان کرنا کوئی دکھ کا سودا نہیں بلکہ میرے لیے فخر کا مقام ہے، اس مٹی کا ہر فرد سپاہی ہے، شہادت کا متلاشی ہے،یہی جذبہ ہے جو دشمن کے عزائم کو بار بار شکست دیتا ہے، اگر وطن عزیز پر کبھی بھی کوئی آنچ آئی، تو میں اپنی پوری فیملی سمیت ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات