Live Updates

سلمان اکرم راجہ نے آئندہ دنوں میں احتجاجی سیاست تیز ہونے کا عندیہ دیدیا

عمران خان نے باہر آنا ہے یہ عوام کا فیصلہ ہے، یہ نظام ہوش کا ناخن لے سڑکیں اس لئے ہوتی ہیں کہ ہم باہر نکل کر احتجاج کریں، عوام ہمیں بہت جلد احتجاجی سیاست کرتے ہوئے دیکھیں گے،رہنماء پی ٹی آئی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 17 مئی 2025 10:55

سلمان اکرم راجہ نے آئندہ دنوں میں احتجاجی سیاست تیز ہونے کا عندیہ دیدیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 مئی 2025)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے آئندہ دنوں میں احتجاجی سیاست تیز ہونے کا عندیہ دیدیا،عمران خان نے باہر آنا ہے یہ عوام کا فیصلہ ہے،یہ نظام ہوش کا ناخن لے سڑکیں اس لئے ہوتی ہیں کہ ہم باہر نکل کر احتجاج کریں،انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے کہا کہ عوام ہمیں بہت جلد احتجاجی سیاست کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

ہم اس نظام کے خلاف لڑ کر رہیں گے۔ جھوٹ پر پورا نظام کھڑا ہوا ہے۔ صحافیوں کو دفتروں سے نکالا جا رہا ہے اور عدلیہ و صحافت کو آزاد کرنے کی ضرورت ہے۔سلمان اکرم راجہ نے اپنے اوپر قائم مقدمات کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے اوپر بیس مقدمات ہیں جن کا مجھے خود بھی علم نہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی رہنماءعالیہ حمزہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہ میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کے حوالے سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے۔

ہم تو سڑکوں پر ہی ہوتے ہیں، احتجاجی تحریک پر سنجیدگی سے کام شروع ہو چکا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی رہنماءعالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ میں مریم نواز سے کہتی ہوں نواز شریف ایک بار مودی کا نام لے کر بات کریں وہ زبردستی کریڈٹ لینا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ انڈیا کے ساتھ سیزفائر کے ساتھ ساتھ 25 کروڑ عوام کے منتخب وزیرِ اعظم کے ساتھ بھی سیزفائر ہونا چاہیے۔

موجودہ حالات کسی بھی سنجیدہ مذاکرات کی طرف اشارہ نہیں کرتے۔ لیڈران سے ملاقاتیں نہیں ہونے دی جا رہیں۔ ایف آئی آر پر ایف آئی آر درج کرائی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روزپی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے ایک بار پھردوبارہ تحریک چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا تھا کہ مرکزی قیادت اور سیاسی کمیٹی کی منظوری کے بعد تحریک دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

پشاور میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے صدور اور جنرل سیکریٹریز کا اجلاس ہوا جہاں احتجاجی تحریک چلانے پراتفاق کیا گیاتھا۔اجلاس میں شریک اراکین کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران کی رہائی کیلئے پرزور احتجاجی تحریک چلائے جائے ۔بانی پی ٹی آئی بے بنیاد مقدمات میں قید ہیں ۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے اب پرزور تحریک چلانے کا وقت آگیا ہے اس لئے مرکزی قیادت فوری طور پر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے تحریک شرو ع کرنے کا اعلان کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات