ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر مزید کتنے دن جاری رہے گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

ملک کے بالائی علاقوں میں بھی 17 سے 19 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زائد رہنے کا امکان ہے؛ محکمہ موسمیات

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 مئی 2025 11:06

ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر مزید کتنے دن جاری رہے گی؟ محکمہ موسمیات ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2025ء ) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر سے متعلق نئی پیشگوئی کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر اگلے تین سے چار روز تک جاری رہنے اور اس دوران گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی شدید گرم اور خشک موسم متوقع ہے، اسی طرح ملک کے بالائی علاقوں میں 17 سے 19 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زائد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقوں میں بھی 17 سے 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری تک زیادہ رہے گا، خاص طور پر صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی اور وسطی اضلاع میں شدید گرمی کے ساتھ زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، صوبہ پنجاب کے مختلف حصوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافہ کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہے گا اور صوبے کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، صوبہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں بھی شدید گرمی کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرم اور خشک موسم برقرار رہے گا جہاں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

ادھر ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو حفاظتی انتظامات کی ہدایت کی ہے، انہوں نے متعلقہ محکموں یعنی سکول ایجوکیشن، ہیلتھ، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ اور ریسکیو 1122 کو صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی، ڈی جی نے کہا کہ 19 مئی اور 20 مئی کو پنجاب کے بڑے علاقوں میں 19 مئی کی شام کو مغربی لہر کے داخل ہونے کے بعد بارش کے بعد موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

دوسری طرف صوبہ پنجاب کے سکولوں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے، گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہونے کی صورت میں سکولوں میں قبل از وقت تعطیلات دے دی جائیں گی، محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری کیا، جاری کردہ شیڈول سے معلوم ہوا ہے کہ پنجاب میں سکول یکم جون سے 9 اگست 2025 تک بند رہیں گے، گرمی بڑھنے کی صورت میں ایک ہفتہ قبل چھٹیاں ہونے کا بھی امکان موجود ہے۔