خضدار، لیویزچیک پوسٹ پرنامعلوم افراد کا حملہ، 4 اہلکار شہید

صمند لیویز چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر معمور لیویز اہلکاروں پر پہاڑی علاقے سے مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی، لیویز فورس کے بہادر جوانوں نے پوری جرات کے ساتھ حملے کا مقابلہ کیا،حملے میں شہید اہلکاروں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 17 مئی 2025 11:06

خضدار، لیویزچیک پوسٹ پرنامعلوم افراد کا حملہ، 4 اہلکار شہید
خضدار(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 مئی 2025)بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال میں نامعلوم مسلح افراد کے لیویز چیک پوسٹ پر حملے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کا آغاز کردیا، لیویزذرائع کے مطابق حملہ سی پیک روڈ پر واقع لیویزفورس کی چیک پوسٹ پر کیا گیا جبکہ لیویز فورس کے بہادر جوانوں نے پوری جرات کے ساتھ حملے کا مقابلہ کیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئی ہے۔حملے میں شہید اہلکاروں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ پولیس کے مطابق رات کی تاریکی میں متعدد مسلح افراد نے خضدار کی تحصیل نال میں واقع صمند چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح ملزمان کی فائرنگ سے چار اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں مقبول، خدا بخش، اعجاز اور محمد علی شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے افسوسناک واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صمند لیویز چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر معمور لیویز اہلکاروں پر پہاڑی علاقے سے مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔ان کا کہناتھا کہ جوابی فائرنگ کافی دیر تک ہوتی رہی تاہم پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ملزمان فرار ہوگئے۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی تلاش شرو ع کر دی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بلوچستان کے ضلع زیارت میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تھا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق فورسز نے زیارت کے علاقے سنجاوی میں ایک اور بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے گولہ بارود اور اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔ ملزمان دہشتگردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے۔ذرائع کایہ بھی کہنا تھا کہ ان دہشتگردوں کے خلاف پہلے سے خفیہ اطلاعات موجود تھیں جس پر کارروائی کی گئی۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ کارروائی بلوچستان میں جاری دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کے عزم اور عملی اقدامات کی ایک اور نمایاں مثال تھی۔