پی ایس پی کی2 کارکنوں کا قتل، ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

عدالت نے اس کیس میں ایم کیو ایم بانی سمیت 7 ملزمان کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں

ہفتہ 17 مئی 2025 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے پاک سرزمین پارٹی کے 2 کارکنوں کے مقدمہ قتل میں ملوث ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔عدالت نے کیس میں ایم کیو ایم بانی سمیت 7 ملزمان کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں ۔سندھ ہائیکورٹ میں پاک سرزمین پارٹی کے 2 کارکنوں کے مقدمہ قتل میں ملوث ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

وکیل صفائی نے دلائل دیئے کہ درخواستگزار 6 سال ایک ماہ اور 4 دن سے بلاوجہ گرفتار ہیں۔ استغاثہ گواہ پیش نہیں کرتا جس کی وجہ سے میرے کلائنٹس قید میں ہیں۔ رینجرز پراسیکیوٹر رانا خالد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تھریٹس کے باوجود گواہوں کو رینجرز ہر پیشی پر عدالت پہنچاتی ہے۔ وکلائے صفائی وقت پر نہیں پہنچتے اور ٹیکنیکل وجوہات پر کارروائی سے بچنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی نے دلائل میں کہا کہ ہمیں جو وقت بتایا جاتا ہے، اسی وقت پہنچتے ہیں، ماتحت عدالت سے شکایت بھی کی ہے۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی کوئی تحریری شکایت ریکارڈ پر نہیں۔ وکیل صفائی نے کہا کہ یہ ایک سیاسی کیس ہے جس میں آج بھی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کیس کے جلد فیصلے کا امکان نہیں، درخواست گزاروں کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

ملزمان شہر یار عرف شیری اور قاضی انیس کی درخواست ضمانت پر فریقین کے وکلا نے دلائل مکمل کرلیئے۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے کیس میں ایم کیو ایم بانی سمیت 7 ملزمان کے وارنٹ جاری کر رکھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 23 دسمبر 2018 کو رضویہ تھانے کی حدود میں پی ایس پی کے ٹان آفس پر حملہ کیا۔ حملہ میں پی ایس پی کے ٹان جنرل سیکریٹری نعیم اور یوسی انچارج اظہر عرف سیاں جاں بحق ہوئے۔ حملہ میں 2 کارکنان بھی زخمی ہوئے۔ ملزمان نے دوران تفتش اعتراف کیا حملہ بانی ایم کیو ایم کے کہنے پر کیا گیا۔ ایم کیو ایم بانی کی ایما پر ساتھ افریقہ میں مقیم دہشت گردوں نے احکامات اور سہولت فراہم کی۔ ملزمان کیخلاف رضویہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔