Live Updates

بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی تاریخی کامیابی پر مختلف تنظیموں کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر یوم تشکر منایا گیا

یوم تشکر منانے والوں میں ہندو اور مسیحی بھی شامل تھے،یوم تشکر کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں جو کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئیں

اتوار 18 مئی 2025 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی تاریخی کامیابی پر مختلف تنظیموں کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر یوم تشکر منایا گیا۔یوم تشکر منانے والوں میں ہندو اور مسیحی برادری بھی شامل تھیں۔یوم تشکر کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں جو کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئیں۔

یوم تشکر کے حوالے سے ریلیوں کے شرکا نے پاکستانی پرچم اٹھارکھے تھے۔شرکا نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کی ۔شرکا نے افواج پاکستان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔یوم تشکر منانے والوں میں ہندو کمیونٹی ریلی کی قیادت سریندر ویلا نے کی۔ یونائیٹڈ کالونی سے مسیحی کمیونٹی کی جانب سے افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی ۔

(جاری ہے)

جو پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کی قیادت مسیحی برادری کے رہنما شہزاد چارلس نے کی۔کچھی کمیونٹی کی جانب سے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی کی قیادت عمران سمیجو او دِیگر نے کی ۔یہ ریلی کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ یوم تشکر کا مقصد مادرِ وطن کے عظیم محافظوں، جوانوں اور افسران کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے ۔جو دن رات ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔

یوم تشکر ان تمام محب وطن شہریوں کے لیے ایک مثال ہے جو پاکستان کی افواج کو اپنا فخر سمجھتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔شرکا نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہم پاکستان کے کامیاب آپریشن پر اظہارِ تشکر کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم ہر حالات میں اپنی فوج اور ملک کے ساتھ ہیں ۔ہندو اور مسیحی برادری نے بھی مسلح افواج کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات