اردو بازارٹریڈرز ایسوسی ایشن کا غیر علانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف کل ایم اے جناح روڈ پر دھرنے کا اعلان

پیر 19 مئی 2025 14:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)اردو بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے غیر علانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف کل (منگل) ایم اے جناح روڈ پر دھرنے کا اعلان کیاہے۔اردو بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے عہدیداروں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بلوں کی بروقت ادائیگی کے باوجود اردو بازار اور اطراف کے علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اردو بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر ساجد یوسف نے کے الیکٹرک کی ناجائز اور طویل لوڈ شیڈنگ کو کاروبار، کراچی شہر اور ملکی معیشت کے لیے تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک حکام لوڈ شیڈنگ کی شکایت کرنے کے جواب میں کہتے ہیں کہ بجلی نہیں ہے، سڑکوں پر جا کر احتجاج کرو۔اردو بازار سمیت مختلف مارکیٹوں کی تاجر ایسوسی ایشنز نے کے الیکٹرک کو 72 گھنٹے کا نوٹس دیتے ہوئے کہاکہ اردو بازار اور تمام متعلقہ مارکیٹوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیاتو کمرشل اور گھریلو بلوں کی ادائیگی روکنے سمیت مارکیٹیں اور دکانیں بند کر دی جائیں گی۔

تاجروں نے اعلان کیا کہ 20 مئی کو کراچی ایم اے جناح روڈ پر دھرنا اور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور کے الیکٹرک کے خلاف عدالتوں میں قانونی جنگ کا آغاز ہوگا۔