Live Updates

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قطری سفیر کی ملاقات ،پاک بھارت سیز فائر کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال

پیر 19 مئی 2025 22:44

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے  قطری سفیر کی ملاقات ،پاک بھارت سیز فائر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسی الخطیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے حالیہ دورہ قطر کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے مابین سیز فائر کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور ہم خطے میں پائیدار امن چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قطر کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب رہا، قطر کے وزیر اعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

انسدادِ منشیات، انسداد دہشت گردی، سکیورٹی تعاون اور تربیتی پروگرامز پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ تمام شعبوں میں قطر کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا پاکستان کی ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر کے اعلیٰ حکام نے فالواپ وزٹ پر جلد پاکستان آنے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد بھی قطر کا دورہ کرے گا۔ وفد میں وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے سربراہان شامل ہوں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ قطر پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے، قطر کے ساتھ تعلقات کو قابلِ فخر اثاثہ سمجھتے ہیں۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات