Live Updates

چین نے پاکستان کو سٹریٹجک پارٹنر اور آہنی دوست قرار دیدیا،پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھنے کااعلان

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو جیان چاو سے ملاقات، اسحاق ڈار نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے امور پر چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 20 مئی 2025 11:55

چین نے پاکستان کو سٹریٹجک پارٹنر اور آہنی دوست قرار دیدیا،پاکستان ..
بیجنگ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 مئی 2025)چین نے پاکستان کو سٹریٹجک پارٹنر اور آہنی دوست قرار دیدیا،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو جیان چاو سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں رہنماوں نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے امور پر چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات اور اسٹریٹجک تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے جبکہ چینی وزیر لیو جیان چاﺅ نے کہا کہ چین پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لیو جیان چاو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کا ہر موسم کا اسٹریٹجک پارٹنر اور آہنی دوست ہے اور چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ہمیشہ ترجیح دے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روزنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 3 روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچے تھے۔بیجنگ کے ہوائی اڈے پر چین کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیاتھا۔

سرکاری نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بیجنگ دورے سے پاکستان، چین کے مثالی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارکاکہناتھا کہ پہلگام واقعے پر بھارت نے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے، بھارت کا بے بنیاد الزامات کا کھیل بے نقاب ہو چکا تھا۔نائب وزیرا عظم کا کہنا تھا کہ دنیا جان چکی ہے کہ دشمن ملک بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے تمام الزامات غلط تھے۔

قبل ازیں چین روانگی سے قبل اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چین جارہا ہوں جب دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ بیٹھتے ہیں تو تمام معاملات کو دیکھا جاتا ہے پچھلے 3 ہفتے میں دوبار چینی وزیر خارجہ سے بات ہوئی تھی۔نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ گزشتہ 3 ہفتے میں دنیا کی تمام ڈپلومیٹک کمیونٹی، 60 ممالک سے رابطے ہوئے تھے جس میں سیاسی، علاقائی، گلوبل، سفارتی اور حالیہ تمام معاملات پر گفتگو ہوئی تھی چین ہمارا بہت قریبی دوست تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین اور پوری دنیا کو سب معلوم تھا۔ دنیا کو معلوم ہے تمام بھارتی الزامات غلط تھے۔دنیا کو پتہ ہے ہم پر بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے تھے۔ بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا تھا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات