Live Updates

عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت میں توسیع

عدالت نے بشریٰ بی بی کی قبل از گرفتاری درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ، عدالت نے ریکارڈ طلب کرنے کے بعد ضمانتوں میں 12اور 17جون تک توسیع کر دی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 20 مئی 2025 15:50

عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت میں توسیع
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 مئی 2025)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کے ایک مقدمے میں ضمانتوں میں سترہ جون تک توسیع کر دی گئی، بشریٰ بی بی کی قبل از گرفتاری درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ،سیشن کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے6 اوربشریٰ بی بی کے ایک مقدمے میں عبوری ضمانتوں پرسماعت ہوئی،عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری پیش ہوئے اور بتایا کہ سلمان صفدر سپریم کورٹ میں مصروف ہیں اس لئے نئی تاریخ دی جائے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں میں سترہ جون تک توسیع کر دی۔عدالت بشریٰ بی بی کی قبل ازگرفتاری درخواست پر فیصلہ محفوظ کر چکی ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پردلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا جائے گاان کے خلاف توشہ خانہ،جعلی رسید،اقدام قتل اور جلاو گھیراو سمیت چھ مقدمات زیر سماعت ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 26 نومبر کے 29 مقدمات میں ضمانت میں توسیع کر دی۔

بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر کے 29 مقدمات کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔دوران سماعت ملزمہ کی جانب سے معروف قانون دان محمد فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے۔وکلاءمحمد فیصل ملک اور حسنین سنبل نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کو خاوند اور وکلاءکی موجودگی میں شامل تفتیش کیا جائے۔عدالت نے ریکارڈ طلب کرنے کے بعد ضمانت میں بارہ جون تک توسیع کر دی۔

بشریٰ بی بی پر گزشتہ سال نومبر کے احتجاج میں کردار پر راولپنڈی اور اٹک کے تھانوں میں انتیس مقدمات درج ہیں۔بشریٰ بی بی کے خلاف راولپنڈی، ٹیکسلا اور اٹک میں مقدمات درج ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈ کیس میں 7 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 20 مئی تک توسیع کر دی تھی۔

اے ٹی سی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے بشریٰ بی بی کی 26 نومبر احتجاج کے 29 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی تھی۔دوران سماعت پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے استغاثہ کی جانب سے ریکارڈ پیش کیا گیا تھا۔ بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل ملک کی جانب سے تمام مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ وکیل صفائی نے استدعا کی تھی کہ ملزمہ کو ان کے شوہر اور قانونی ٹیم کی موجودگی میں شامل تفتیش کیا جائے۔ جج امجد علی شاہ نے شامل تفتیش کرنے سے متعلق استدعا منظور کر لی تھی۔عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا تھاکہ ملزمہ کو شوہر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور قانونی ٹیم کی موجودگی میں شامل تفتیش کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات