نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سعودی عرب کے مسافر کو فیملی کے سامنے تھپڑ مارنے والا اے ایس ایف اہلکار معطل

منگل 20 مئی 2025 23:07

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سعودی عرب کے مسافر کو فیملی کے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2025ء)نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے مسافر کو فیملی کے سامنے تھپڑ مارنے والے ائیر پورٹ سکیورٹی فورس(اے ایس ایف)کے اہلکار کو معطل کردیا گیا۔ مذکورہ اہلکار کے خلاف محکمانہ کاروائی کی ہدایت کردی گئی ہے۔ سعودی عرب روانگی کے لئے ائیرپورٹ پہنچنے والے مسافر کے ساتھ تلخ کلامی اس وقت ہوئی جب وہ ائیر پورٹ پر رش کے باعث بیوی بچوں کے ہمراہ سٹاف کے لئے مختص راستے سے اندر جانے لگا اس دوران اسے روکنے پر معاملہ تکرار سے تلخ کلامی تک پہنچ گیا جس سے نوبت جھگڑے پر آگئی تاہم اے ایس ایف حکام نے مسافر سے تحریر لکھوانے کے بعد سعودی عرب روانگی کی اجازت دے دی۔

اطلاعات کے مطابق جدہ جانے والی پرواز ایس وی 723 کا مسافر جاوید احمد پاکستان میں چھٹیاں گزارنے کے بعد اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ صبح سات بجے سعودی عرب جانے کے لئے ائیرپورٹ پہنچا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل ڈیپارچر لاونج کے انٹری گیٹ پر اے ایس ایف کے عملے اور مسافر کے مابین اچانک تکرار کے بعد جھگڑا شروع ہوگیا جس سے ائیرپورٹ پر شور مچ گیا مسافر کے ساتھ موجود فیملی اور بچوں نے رونا شروع کردیا اس دوران اے ایس ایف کے اے ایس آئی ضیا نے مسافر کو تھپڑ رسید کردیا اور مسافر کو کنٹرول روم لے گئے۔

اس دوران واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے سینئر حکام موقع پر پہنچ گئے۔ مسافر کی جانب سے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے عملے پر نازیبا زبان استعمال کرنے اور ہاتھ اٹھانے کا الزام عائد کیاگیا تاہم دونوں جانب کا موقف سن کر مسافر کی جانب سے معاملہ غلط فہمی کے باعث پیش آنے کی تحریر دینے پر نمٹا دیا۔ معاملہ نمٹائے جانے پر مسافر بھی بچوں اور فیملی کے ساتھ پرواز کے زریعے روانہ ہوگیا۔

اے ایس ایف حکام کے مطابق مسافر رش کے باعث سٹاف گیٹ سے لاونج میں داخل ہونا چاہتا تھا سٹاف گیٹ صرف ائیرپورٹ پر تعینات سٹاف اور دیگر فنکشنریز کے لئے مختص ہوتا ہے سٹاف گیٹ استعمال کرنے کی ضد پر مسافر کو روکا گیا تو تلخ کلامی ہوئی تاہم بعد میں معاملہ رفع دفع کرادیا گیا اور مسافر فیملی سمیت روانہ ہوگیا۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعے میں ملوث اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے وزارت داخلہ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

متاثرہ فیملی کو قانونی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اور حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔