Live Updates

بھارت سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کوفروغ دے رہاہے، باہمی یکجہتی اوراتفاق سے دہشت گردوں کوشکست دیں گے، راجہ پرویزاشرف

بدھ 21 مئی 2025 16:46

بھارت سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کوفروغ دے رہاہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) سابق وزیراعظم اورپاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ بھارت سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کوفروغ دے رہاہے، باہمی یکجہتی اوراتفاق سے دہشت گردوں کوشکست دیں گے۔ بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں خضدارمیں دہشت گردی کے واقعہ پربحث میں حصہ لیتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ خضدارمیں اندوہناک، افسوسناک اورقابل مذمت واقعہ ہواہے۔

لڑائی اورجنگ کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں، بھارت اب ہمارے بچوں کونشانہ بنارہاہے۔آج کے واقعہ میں میرے حلقہ کے علاقہ پھلالاں سیداں کے صوبیدارمحمدسلیم کے تین بچے سفرکررہے تھے، ان کی سترہ سالہ بچی شہیداوردو بچے زخمی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کوفروغ دے رہاہے، وہ ہمیں نشانہ بناکردنیامیں پاکستان ہی کے خلاف واویلا کررہاہے، پاکستان دہشت گردی کاسب سے زیادہ نشانہ بناہے، ہمارے 90ہزارسے زائد پاکستانی اس جنگ میں اپنی جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کوسرجوڑکراس مسئلہ کاحل نکالنا چاہیے، پہلگام واقعہ کے بعدپاکستان نے بھارت کوتحقیقات کی پیشکش کی تھی، ہندوستان نے اسی پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان میں شہریوں کونشانہ بنایا، پاکستان نے جواب میں صرف ان کے فوجی تنصیبات کونشانہ بنایا اورنشانہ بنانے سے قبل بھارت کوبتابھی دیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ باہمی یکجہتی اوراتفاق سے دہشت گردوں کوشکست دیں گے۔انہوں نے کہاکہ فیلڈمارشل جنرل عاصم منیر، پاکستان ائیرفورس، پاکستان نیوی اورفورسز کوپوری قوم سلام پیش کرتی ہے، افواج پاکستان نے بہادری سے مادروطن کادفاع کیاہے۔ پاکستان امن کاداعی ہے تاہم جنگ کی صورت میں پاکستان ہرطرح کامقابلہ کرنے کیلئے تیارہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات