آزاد کشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق کا سید عاصم منیر کو فوج کا فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارکباد

بدھ 21 مئی 2025 22:46

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) آزاد کشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق نے سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی ملنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ ان کا حق تھا ان کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کی جارحیت کے خلاف معرکہ حق اور آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘کی ناقابل تسخیر جنگی حکمت عملی ترتیب دے کر بھارت پر ایسی جری کاری ضرب لگائی کہ اس کا غرور خاک میں مل گیا۔

کامیاب اور موثر جنگی حکمت عملی کے باعث دشمن کو سنبھلنے کا ہی موقع نہیں دیا۔بھارت خطہ میں جو ایٹمی قوت اور دفاعی لحاظ سے چمپین بنا پھرتا تھا پاک فوج نے اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔ اس عظیم کامیابی پر مسلح افواج پاکستان مبارک باد کی مستحق ہے اور سید عاصم منیر کا فیلڈ مارشل کا اعزاز حاصل کرنا پوری قوم اور فوج کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقیابی پر مبارکباد کے پیغام میں کیا۔وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق نے کہاکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے ملکی سالمیت اور دفاع کے لئے پیشہ ورانہ جنگی حکمت عملی سے دشمن کو دندان شکن شکست سے دو چار کیا ، اس عظیم معرکہ اور فتح پر حکومت پاکستان نے انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے کر پوری قوم اور فوج کے دل جیت لیے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان نے بھارت کے خلاف فتح حاصل کرکے ثابت کردیا کہ پاک فوج دنیا کی عظیم اور بہادر فوج ہے جس نے اسلامی اصولوں کے مطابق جنگی حکمت عملی کے تحت دشمن کو دن کی روشنی میں ایسا جواب دیا کہ اسے پھر جرات ہی نہیں پڑی کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر دیکھ سکے، اگر بھارت امریکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاؤں نہ پڑتا تو بھارت کا سارا دفاعی نظام خاکستر ہو جاتا۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر اور یقین محکم ہے کہ پاک فوج کسی مرحلہ پر دشمن کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے پاک فوج کی جرات مندی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ پاک فوج اور قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور جب بھی وطن عزیز اور افواج پاکستان کو قوم کی قربانیوں کی ضرورت ہوئی تو وہ شوق شہادت کے جذبہ کے تحت پاک فوج کے شانہ بشانہ میدان جنگ میں شریک ہونگے۔

قوم کے اسی جذبہ نے پاک فوج کو طاقت دی اور افواج پاکستان نے قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے حالیہ پاک بھارت جنگ میں جو بے مثال کارنامہ سر انجام دیا ہے اس سے پوری دنیا چونک اٹھی ہے۔انہوں نے’’ معرکہ حق ‘‘اور آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘کے دوران شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش جبکہ زخمیوں اور غازیوں کو ہدیہ تبریک پیش کیا۔