Live Updates

جما عت اہلسنّت کی جانب سے آرمی پبلک اسکول بس پر دہشت گرد حملے کی مذمت

بدھ 21 مئی 2025 19:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری،ناظم سید رفیق شاہ،چیف آرگنائزر علامہ سید عبد القادر شاہ شیرازی نے کہا کہ خضدار میں آرمی پبلک اسکول کی بس پر ہونے والا خودکش حملہ انتہائی سفاکانہ، بزدلانہ اور انسانیت سوز ہے، جس میں معصوم طلبہ کی ہلاکت نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔

اسکول کی بس پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہاکہ یہ حملہ نہ صرف پاکستان کی سا لمیت پر حملہ ہے بلکہ علم، امن اور انسانیت کے خلاف بھی ایک بدترین جرم ہے۔ معصوم طلبہ کو نشانہ بنانا واضح کرتا ہے کہ دشمن کس قدر نچلے درجے کی بزدلی پر اتر آیا ہے۔ یہ انسانیت اور تعلیم دشمنی کی بدترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

اس واقعے نے نہ صرف معصوم بچوں ان کے والدین اور اساتذہ کے دلوں کو بھی گہرے دکھ میں مبتلا کر دیا ہے۔

ملک دشمن درندہ صفت دہشت گردوں جلد عبرت کا نشان بنایا جائے۔ دریں اثنا ۔۔جما عت اھلسنّت پاکستان کراچی کے رہنمائوں نے آرمی چیف جنرل حافظ سید عاصم منیر کو اعلیٰ فوجی اعزاز ''فیلڈ مارشل'' ملنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے دلی مبارکباد پیش کی ،اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف جنرل صاحب بلکہ پوری افواج پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر ایک پیشہ ور ،دلیر اور مدبر سپہ سالار ہیںان کی خدمات کا اعتراف کر کے حکومت نے ایک مثبت مثال قائم کی۔

ہمیں اپنی پاک ا فواج پر بھروسہ اور فخر ہے ، فوجی اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن سے اس ملک کی حفاظت کر ر ہے ہیں۔ جما عت اھلسنّت قائدین نے ایسے عناصر پر تنقید کی جو سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف جھوٹا پروپگنڈا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج صرف سرحدوں کی محافظ نہیں بلکہ ہماری آزادی اور سلامتی کی ضمانت بھی ہے۔فلسطین کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح کشمیر ہماری شہ رگ ہے، اسی طرح فلسطین ہماری روح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو فلسطین غزہ کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرنی چاہیے اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانا چاہیے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات