Live Updates

پاکستان میں عیدالاضحٰی کے حوالے سے سپارکو نے نئی پیشگوئی کردی

ذی الحج کے چاند کی پیدائش 27 مئی کو 8 بج کر 2 منٹ پر ہوگی، یکم ذی الحج 29 مئی 2025ء کو ہونے کا امکان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 مئی 2025 15:50

پاکستان میں عیدالاضحٰی کے حوالے سے سپارکو نے نئی پیشگوئی کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی 2025ء ) پاکستان میں اس بار عیدالاضحٰی کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے سپارکو نے نئی پیشگوئی کردی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے سپارکو کی جانب سے ملک بھر میں عیدالاضحٰی 7 جون کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اس سلسلے میں سپارکو کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں یکم ذی الحج 29 مئی 2025ء کو ہونے کی توقع ہے جس کے تحت پاکستان میں عیدالاضحٰی 7 جون کو ہونے کا امکان ہے۔

سپارکو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ذی الحج کے چاند کی پیدائش 27 مئی کو 8 بج کر 2 منٹ پر ہوگی، 27 مئی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 34 منٹ ہوگی، اس لیے ملک بھر میں چاند کے نظر آنے کے امکانات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان میں 28 مئی کو ذی الحج کا مہینہ شروع ہونے کا امکان نہیں ہے اور یکم ذی الحج 29 مئی 2025ء کو ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 29 ذی القعد 27 مئی کو وزرات مذمبی امور کوہسار بلاک میں ہوگا جہاں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چئیرمن رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں ہوگا، اس کے علاوہ چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ 27 مئی کو ذوالحج کا چاند نظر کی صورت میں عید 6 جون کو ہوگی جب کہ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عید الاضحیٰ 7 جون کو ہوگی، ماہر فلکیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7 جون کو ہونے کے امکانات ہیں، سعودی عرب میں حج 5 جون اور عید 6 جون کو ہونے کا امکان ہے، سعودی عرب میں 27 مئی کو ٹیلی سکوپ سے چاند نظر آسکتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات