Live Updates

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہورکے ساتویں کانووکیشن کا انعقاد،انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم

جمعرات 22 مئی 2025 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہورکا ساتواں کانووکیشن جمعرات کو منعقدہوا ،جس میں صوبائی وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی جبکہ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔کانووکیشن کے آغاز میں حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

خواجہ سلمان رفیق نے فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی۔پرنسپل پروفیسر عبدالحمید نے انڈر گریجویٹ طالبات سے جبکہ رجسٹرار پروفیسر محمد ندیم نے پوسٹ گریجویٹ طلباو طالبات سے حلف لیا،کانووکیشن میں کل302طلباو طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں جن میں 288انڈرگریجویٹ طالبات اور 14پوسٹ گریجویٹ طلبہ و طالبات شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رباب پرویز نے سیشن 2018-2023کی بیسٹ گریجویٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

کانووکیشن میں رکن قومی اسمبلی عامر گوپال، پرنسپل پاک فضائیہ کالج میجر جنرل( ر) سلمان علی، پروفیسر سردار الفرید ظفر، پروفیسر عائشہ شوکت، پروفیسر اصغر نقی، ڈاکٹر رباب پرویز ، ڈاکٹر رائحہ یاسر ، ڈاکٹر علیزہ عمر ، ڈاکٹر کائنات بتول ، ڈاکٹر عنیقہ وقار ، ڈاکٹر نور مریم ، ڈاکٹر سیدہ علینہ زہرہ ، ڈاکٹرازکیٰ اظہاراور ڈاکٹر مریم فاطمہ کو بہترین کارگردگی پر گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔

وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق اور پروفیسر محمود ایازکو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔اس موقع پر ڈینز پروفیسر عائشہ ملک، پروفیسر بلقیس شبیر، پروفیسر عالیہ زاہد، پروفیسر نوید اکبر ہوتیانا، پروفیسر شمیلہ اعجاز منیر، ڈیپارٹمنٹس کے ہیڈز، یونیورسٹی فیکلٹی اور پروفیسرز کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاسے اپنے خطاب میں کہاکہ آج تمام حاضرین کیلئے انتہائی خوشی کا دن ہے،فارغ التحصیل بچوں نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی سے جدید علم اور بہترین مہارت حاصل کی ہے، کامیاب ہونے والے سٹوڈنٹس پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی انتہائی پروفیشنل ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نظام صحت کی بہتری کیلئے تاریخی اور انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہیں، چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلاسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرامز ہیں، حکومت پنجاب لاہور اور سرگودھا میں سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا رہی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ لاہور میں ایشیاکا سب سے بڑا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ بنایا جا رہا ہے، بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پوسٹ گریجوایٹس کی سیٹوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 6اور 7مئی کی درمیانی شب کے لمحات ناقابلِ بیان ہیں،ظالم بھارت نے بہاولپور میں معصوم شہریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا جہاں ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف اور ریسکیو عملہ یک جان ہو کر مریضوں کی خدمت کر رہے تھے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میڈیکل پروفیشن کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے فریش گریجویٹس، پوسٹ گریجوایٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات