Live Updates

پوری کاشتکار برادری کی جانب سے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، خالد محمود کھوکھر

جمعرات 22 مئی 2025 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ پوری کاشتکار برادری کی جانب سے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،لوگ کسی سیٹ پر بیٹھتے ہیں تو ان کی خود کی عزت بڑھتی ہے جبکہ جنرل سید عاصم منیر واحد شخصیت ہیں کہ ان کی وجہ سے عہدے کی عزت بڑھی، آج ہم جہاں کھڑے ہیں یہ ہمارے لئے فخر کا لمحہ ہے،عاصم منیر اس عہدے کے حقدار تھے،بھارت کے خلاف جیت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، کشمیر اگر ہماری شہ رگ ہے تو پانی ہماری زندگی ہے،کوئی اسے روک نہیں سکتا، پوری دنیا کو باور ہو گیا کہ اب پاکستان پر کوئی حملہ نہیں کر سکتا،اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو اگلے سو سال تک بھارت کی زمین پر گھاس نہیں اگے گی،مائیں بچوں کو عاصم منیر کا نام لے کرڈرائیں گی، بھارتی فوج کو ہماری آرمی سے گیارہ گنا زیادہ بجٹ ملتا ہے پھر بھی افواج پاکستان نے بھارت کو شکست دی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ ایک کاشتکار ہوں اور مجھے اپنی زمین سے محبت ہے ، پاکستان بنانے میں سب سے زیادہ قربانیاں کاشتکاروں نے دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نیشنل سکیورٹی میں دو ہی اہم سیکورٹیز ہیں جن میں ایک بارڈر کی سکیورٹی اور دوسری خوراک کی ، ایک کو فوج نبھاتی ہے جبکہ فوڈ سکیورٹی کی ذمہ داری کسانوں کی ہے،جنرل عاصم منیرکا فیلڈ مارشل بننا قابل فخر لمحہ ہےجس پرحکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں حملے پر پاک افواج نے موثر اور کامیاب جواب دیا جس کا سہرا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں گرین پاسپورٹ کی عزت اور وقار بڑھ گیا ہے، بھارت کو منہ کی کھاناپڑی ،کاشتکار برادری کی طرف سے جنرل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بھارت یہ مت بھولے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جبکہ پانی ہماری ریڈ لائن ہے۔ خالد محمود نے کہا کہ ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ دنیا کو اب بتائے کے کیسے پاکستان نے گھس کر مارا ، پاکستان کی یہ جیت دنیا کی سب سے بڑی جیت ہے، تکبر کی باتیں کرنے والے مودی کو پاکستان کی شاندار جوابی کارروائی کے بعد سیز فائر کرانے کیلئے امریکہ کے پائوں پکڑنے پڑے ۔

خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پہلے وار کے بعد ہم نے انتظار کیا اور پھر منہ توڑ جواب دیا، ہمارے سپہ سالار میں ملک و قوم کی محبت کا جذبہ تھا جس کی وجہ سے ان کو یہ اعزاز ملا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات