Live Updates

آرمی چیف عاصم منیرکو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا

ایوان صدر میں خصوصی تقریب کا انعقاد، وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، صدرن لیگ میاں نواز شریف سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس نے تقریب میں شرکت کی

muhammad ali محمد علی جمعرات 22 مئی 2025 20:51

آرمی چیف عاصم منیرکو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2025ء) آرمی چیف عاصم منیرکو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں جمعرات کی شب کو آرمی چیف سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازنے کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، صدر ن لیگ میاں نواز شریف سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس نے شرکت کی۔

ارکان پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارت کار، سول اورعسکری حکام کے علاوہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ خصوصی تقریب کا آغاز 8 بجے ہوا، جس میں ابتدا پر قومی ترانہ پڑھا گیا، پھر تلاوت قرآن مجید سے تقریب کو آگے بڑھایا گیا۔ تقریب کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مشترکہ طور پر آرمی چیف سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نےکہا کہ آج کی تقریب کا مقصد بہادرسپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز دینا قابل فخر لمحہ ہے، سید عاصم منیرکو فیلڈ مارشل کا اعزاز دینے کی منظوری پر مجھے بہت مسرت ہوئی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈکیا، دشمن کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ تھی، وطن عزیز کے چپے چپےکا دفاع کرنا جانتے ہیں، ہمارے بھرپور جواب نے دنیا پر ہماری صلاحیتیں ثابت کردیں۔ صدر مملکت کے بعد وزیر اعظم نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک تاریخی اور قابل فخر دن ہے، ہم اپنے ہیروز کی خدمات کے معترف ہیں اور آج کی تقریب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف شاندار فتح حاصل کی، میں فیلڈ مارشل کی قیادت کا معترف ہوں۔ عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی حاصل کی، اس کے علاوہ فیلڈ مارشل عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان روابط کا کردار بھی ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے بھرپور جواب دے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، کشیدہ صورت حال میں فیلڈ مارشل کا عزم مثالی تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وطن عزیز کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ملکی خودمختاری اور سلامتی کیلیے اُن کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے نہ صرف اپنی سرحدوں کا دفاع کیا بلکہ دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، ہم فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تمام قومی ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات