چین پاکستان کا ایک قابل بھروسہ پڑوسی ملک رہا ہے جو ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیتا ہے،گورنر بلوچستان

جمعرات 22 مئی 2025 21:40

کوئٹہ /کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ چینی قونصلیٹ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میگاپراجیکٹ کے 12 سال کی یاد کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد لائقِ تحسین اقدام ہے چین و پاکستان دوستی ہماری اقتصادی ترقی کا سنگ بنیاد ہے۔ چین پاکستان کا ایک قابل بھروسہ پڑوسی ملک رہا ہے جو ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیتا ہے۔

گورنر کے طور پر، میں علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کیلئے متعلقہ محکموں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہوں، بلوچستان وہ واحد صوبہ جو پاکستان کو دیگر پڑوسی ممالک اور سینٹرل ایشیا تک راستہ دے سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں چینی قونصلیٹ کراچی اور بلوچستان اکانومک فورم کے زیرِ اہتمام پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر کراچی میں تعینات چینی قونصل جنرل، سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان جمالی اور بلوچستان اکانومک فورم کے سربراہ سردار شوکت پوپلزئی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں تعلق رکھنے والے افراد موجود تھی. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سی پیک ایک شاندار گیم چینجر منصوبہ ہے جو پورے خطے کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

متعدد صنعتی زونز کے قیام سے ہمارا مقصد بلوچستان کی ترقی کو آگے بڑھانا اور اقتصادی تعاون کے ذریعے اس کے لوگوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔ گوادر جو کہ اس شاندار منصوبے کا تاج ہے اور یہ پورے خطے کے معاشی جمود کو ختم کریگا اور سب کیلئے ایک روشن مستقبل روشن کریگا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد چین میں اپنے دورے کے دوران میں متعلقہ ہم منصبوں کے ساتھ پاک چین تعلقات کے حوالے سے سی پیک کی اہمیت اور حالیہ پیش رفت کو اجاگر کرونگا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت بجلی کے منصوبے پاکستان کی توانائی کی کمی پر قابو پالیں گے اور نئی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ چین کے ساتھ ہماری شراکت داری نے اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھی ہے اور ہم اس کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہیں۔ متعدد اقتصادی زونز قائم کیے جائیں گے اور ہمارے مواصلاتی اور نقل و حمل کے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ یہاں میں "بلوچستان اکنامک فورم" کے ذریعے بلوچستان اور دیگر صوبوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے سردار شوکت خان پوپلزئی کی کوششوں کو بھی سراہتا ہوں۔ ان کے اٹھائے اقدامات سے دو طرفہ تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ میں بلوچستان کو خطے کا معاشی حب بننے کا تصور کرتا ہوں اور پاکستان اس وژن کو حقیقت بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے ہم ایک خوشحال مشترکہ مستقبل بنانے کی خاطر ہمیں پاک چین دوستی کی طاقت کو بروئے کار لانا ہوگا. آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پروگرام کے منتظمین اور مہمانان گرامی میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیے گئے۔