Live Updates

عالمی برادری سے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے فوری کردار ادا کرنے کی اپیل

جمعہ 23 مئی 2025 18:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے فوری کردار اداکرے کیونکہ یہ مسئلہ جنوبی ایشیا کو کسی بھی وقت تباہ کن ایٹمی جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں حریت رہنمائوں کے ایک اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر جوہری ہتھیاروں سے لیس بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کا بنیادی سبب ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلے کے حل میں مزید تاخیر علاقائی امن کیساتھ ساتھ عالمی سلامتی و استحکام کیلئے بھی سنگین خطر ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بڑھتا ہوا فوجی جبراور انسانی حقوق کی ابتر صورتحال عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔ ضلع کشتواڑ کے علاقے چھاتروسنگھ پورہ میں بھارتی فورسز کا تلاشی آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری رہا۔

قبل ازیں اسی علا قے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے تھے۔نئی دہلی کے زیر کنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے ) نے ضلع پونچھ میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ چھاپوں کے دوران مکینوں کوسخت ہراساں کیا گیا اوراہم دستاویزات، موبائل فون اور لیپ ٹاپ ضبط کیے گئے۔دریں اثنا بھارتی پولیس نے ضلع کولگام کے رہائشی ایک برطرف شدہ پروفیسر عبدالباری اور سری نگر کی سوشل میڈیا کارکن آصفہ بشیر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر بھارت مخالف مواد اپ لوڈ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات