اوکاڑہ، تیز زفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا ، باپ، بیٹی اور 2 بیٹے جاں بحق

خوفناک حادثہ جی ٹی روڈ پر پنجاب کالج کے سامنے اس وقت پیش آیا جب والد بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہا تھا، جاں بحق ہونے والوں میں محمد ندیم اور ان کے تین بچے 10 سالہ آریان، 8 سالہ ایان اور 6 سالہ عائزہ شامل ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 24 مئی 2025 11:10

اوکاڑہ، تیز زفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا ، باپ، بیٹی ..
اوکاڑہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 مئی 2025)پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں تیز زفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا ، باپ، بیٹی اور 2 بیٹے موقع پر جاں بحق ہوگئے،خوفناک حادثہ جی ٹی روڈ پر پنجاب کالج کے سامنے اس وقت پیش آیا جب والد بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہا تھا،جاں بحق ہونے والوں میں محمد ندیم اور ان کے تین بچے 10 سالہ آریان، 8 سالہ ایان اور 6 سالہ عائزہ شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا ۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹریلر ڈرائیور کی تیز رفتاری، غفلت و کوتاہی کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے لیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے اور ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل حویلی کہوٹہ سے واہ کینٹ ضلع راولپنڈی آنے والی مسافر کوسٹر تولی پیر کے مقام پر حادثہ کا شکار ہوگئی تھی۔حادثہ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل تھا۔ رات ہونے کی وجہ سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ تھا۔ حادثے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں تھیں جنہوں نے زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پرہسپتال منتقل کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔

علاوہ ازیںتیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے رکشہ سوار 3 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے تھے۔بتایاگیا تھا کہ افسوسناک حادثہ جہاز چوک کے قریب پیش آیا تھاجہاں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے رکشے کو بری طرح کچل ڈالا، حادثے میں رکشے میں سوار تینوں بھائی موقع پرم دم توڑ گئے تھے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں تھیں۔

جاں بحق بھائیوں کی شناخت محمد ہاشم ، محمد صابر اور محمد عاصم کے ناموں سے ہوئی ، تعلق بستی جلو والی سے تھا۔آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے افسوسناک حادثے کا نوٹس لیکر ڈی پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔ ایک اور حادثے میں ٹرک کی ٹکر سے نوعمر موٹرسائیکل سوارجاں بحق ہوگیاتھا۔حادثہ شہر قائد کے علاقے راشد منہاس روڈ پر پیش آیاتھا۔ کچرا اٹھانے والے ٹرک کی زد میں آکر نوعمر موٹرسائیکل سوار موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں تھیں پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔