Live Updates

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک حل طلب مسئلہ ہے ،صدر ریاست

پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے جب تک مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نہیں نکالا جاتا تو اُس وقت تک جنوبی ایشیاء پر جنگ کے بادل منڈھلاتے رہیں گے،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

اتوار 25 مئی 2025 14:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آذربائیجان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے موقف کی تائید اور حمایت کی ہے جس پرہم آذربائیجان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آذربائیجان بین الاقوامی فورمز پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا بنیادی حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کے وقت سے چلتا آ رہا ہے جب 1947میں مقبوضہ کشمیر ایک مسلم اکثریتی ریاست تھی لیکن بھارت نے جبری طور پر مقبوضہ کشمیر پر اپنی فوجیں داخل کر کے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کر لیا ۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک حل طلب مسئلہ ہے جو گزشتہ سات دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی نامکمل ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے جب تک مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نہیں نکالا جاتا تو اُس وقت تک جنوبی ایشیاء پر جنگ کے بادل منڈھلاتے رہیں گے۔ حالیہ پاکستان اور بھارت کشیدگی کے دوران آذربائیجان نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک نے مل کر پاکستان اور بھارت کے درمیان شروع جنگ کو ٹھنڈا کیا اور سیز فائر کروایا۔

بھارت پہلگام میں ایک فالس فلیگ آپریشن کر کے اور اس کا الزام پاکستان پر لگا کر دنیا کی حمایت حاصل کرنا چاہتا تھا لیکن بھارت کا یہ پروپیگنڈہ ناکام ہو گیا اور ہماری پاک فوج نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اُس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں آذربائیجان ٹی وی کی نمائندہ نصیبوہا الماذ (Ms. Nasibova Almaz)کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آذربائیجان کے عوام نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کے موقف کی تائید کی ہے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے جانے کی حمایت کی ہے جس پر پوری کشمیری قوم آذربائیجان کی حکومت اور عوام کی شکر گزار ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات میں کشمیری عوام کو بھی شامل کیا جائے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہی ہیں کیونکہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دو جوہری قوتوں کے درمیان مسئلہ کشمیر ایک فلیش پوائنٹ ہے جب تک مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا تو جنوبی ایشیاء میں دیر پاامن و سلامتی کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی کیونکہ اس خطے کے امن سے دنیا کی سلامتی جڑی ہوئی ہے۔

لہذا ہم انٹرنیشنل کمیونٹی اور دنیا کے دیگر طاقتور ایوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔ صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں کی نسبت آزادکشمیر میں شرح خواندگی زیادہ ہے بالخصوص آزادکشمیر میں خواتین کی شرح خواندگی تناسب کے لحاظ سے سب سے زیادہ ہے اسی لیے آزادکشمیر میں خواتین معاشرے کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے انتہائی احسن اور محنت سے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں جس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ آزادکشمیر میں خواتین کو ایک سازگار ماحول میسر ہے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات