Live Updates

پی ایس ایل 10، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو تیسری بار چیمپئن بننے کے لیے بڑا ہدف دیدیا

حسن نواز کی شاندار باری ، فہیم اشرف نے اپنی ٹیم کا سکور 200 کے پار پہنچایا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 25 مئی 2025 20:56

پی ایس ایل 10، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو تیسری بار چیمپئن ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 مئی 2025ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو تیسری بار ٹائٹل جیتنے کے لیے 202 رنز کا ہدف دیدیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

 
گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے شاندار بیٹنگ کی اور 43 گیندوں پر 4 چھکوں ، 8 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے اور نمایاں بلے باز رہے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سعود شکیل اور فن نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 17 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل صرف چار رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے، پھر سلمان مرزا نے 12 کے انفرادی اسکور پر ایلن کو پویلین کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

رلی روسو 22 کے انفرادی اسکور پر سکندر رضا کی گیند پر کیچ دے کر 58 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، شاہین آفریدی نے اویشکا فرنانڈو کو 29 کے انفرادی اور 125 کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیجا۔ 
اس دوران حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 27 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ پھر 18ویں اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر حسن نواز 76 رنز بناکر 172 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔

 
نئے آنے والے بیٹسمین محمد عامر اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے 177 پر پویلین روانہ ہوئے۔ دونوں کو حارث رؤف نے اپنا شکار بنایا۔
اننگز کے آخری اوور کی آخری گیند پر فہیم اشرف 201 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 3، سلمان مرزا، حارث رؤف نے 2،2 اور سکندر رضا، راشد حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو اپنا شکار بنایا۔

 
پاکستان سپر لیگ میں دونوں کے درمیان 19 میچز ہو چکے ہیں اور دونوں ٹیمیں 9، 9 بار فاتح رہیں ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
فخر زمان 442 رنز بناکر قلندرز کے کامیاب ترین بیٹر ہیں جبکہ کوئٹہ کے سابق کپتان اور موجودہ ٹیم ڈائریکٹر سرفراز احمد نے لاہور قلندرز کے خلاف 357 رنز بنائے۔ 
لاہورقلندرز نے دو مرتبہ (2022ء، 2023ء) ٹائٹل جیتا ہے جبکہ کوئٹہ نے ایک بار 2019ء میں ٹرافی اٹھائی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات