Live Updates

دنیا بھر کے مسلمان ممالک کی نظریں پاکستان کی بہادر افواج پر لگی ہوئی ہیں، عثمان ظفر کاشمیری ایڈووکیٹ

فلسطینیوں کی منظم اور امریکی پشت پناہی اسلحہ سفارتی حمایت کیساتھ نسل کشی کی جا رہی ہے، فلسطینیوں کو دنیا کے اندر جہنم میں دھکیل دیا گیا ہے

پیر 26 مئی 2025 16:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)دنیا بھر کے مسلمان ممالک کی نظریں پاکستان کی بہادر افواج پر لگی ہوئی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر فلسطینیوں کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اسرائیل کے مظالم سے نجات دلانے کے لیے کردار ادا کریں،ان خیالات کا اظہار امیدوار قانون ساز اسمبلی ایل اے 42 ویلی 03 عثمان ظفر کاشمیری ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز فلسطین و کشمیر سمیت دیگر مسلم ممالک میں نہتے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عید الاضحی قریب ہے مگر جو قربانیاں مسلمانانِ فلسطین و کشمیر پیش کر رہے ہیں وہ عظیم سے عظیم تر ہیں۔عثنان ظفر کاشمیری ایڈووکیٹ نے کہا کہ مشرق وسطی میں کشیدگی کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام تنازعہ فلسطین کے حل سے مشروط ہے، پاکستان سمیت عالم اسلام سلامتی کونسل پر اسرائیلی مظالم بند،بمباری روکنے سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کے انخلاء کے لیے کردار ادا کروانے کی کوشش کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد خطے میں بھارتی اجارہ داری کے خاتمے کو بڑا بریک تھرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا پاکستانی فوج اور عوام کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی منظم اور امریکی پشت پناہی اسلحہ سفارتی حمایت کے ساتھ نسل کشی کی جا رہی ہے، آج فلسطینیوں کو دنیا کے اندر جہنم میں دھکیل دیا گیا ہے، بمباری، بھوک، نقل مکانی اور زخموں سے چور خواتین بچے پناہ خوراک اور زندگی کی بھیک مانگنے پر مجبور ہیں لیکن کوئی بھی اسلامی ملک انکی مدد تو درکنار حمایت میں بات کرنے سے بھی خوفزدہ ہے۔

عثمان ظفر کاشمیری ایڈووکیٹ نے کہا پاکستان اس پوزیشن میں ہے کہ وہ عرب ممالک کے ساتھ ملکر فلسطینیوں کی حمایت اور معاشی و فوجی امداد یقینی بنائے،انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کو فلسطینیوں کے لیے جہنم بنا دیا ہے۔ آج معصوم بیگناہ فلسطینی بھوک کا شکار ہیں۔ بمباری کے باعث ہزاروں افراد شہید اور لاکھوں زخمی ہو چکے ہیں لیکن اقوام عالم بے حسی اور آخری فلسطینی کے شہید ہوئے کا انتظار کر رہے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات