Live Updates

چاہے پورے پاکستان کی ڈویلپمنٹ بند کردیں دفاعی بجٹ ہر صورت بڑھانا ہے، فیصل واوڈا

فوجیوں کی تنخواہیں ڈبل ٹرپل ابھی کرنی ہیں، اگر پاکستان کے تمام ترقیاتی بجٹ ختم کرنا پڑیں، پارلیمنٹ کی بجلی بند کرنی ہے تو کریں، ہمیں سڑک پر بٹھانا ہے تو بٹھادیں مگر یہ کام کرنا ہے؛ سابق وفاقی وزیر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 مئی 2025 16:03

چاہے پورے پاکستان کی ڈویلپمنٹ بند کردیں دفاعی بجٹ ہر صورت بڑھانا ہے، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی 2025ء ) پاکستان پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے آزاد سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ چاہے پورے پاکستان کی ڈویلپمنٹ بند کردیں لیکن دفاعی بجٹ ہر صورت بڑھانا ہے، اس پر سوچنا نہیں ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر صورت دفاعی بجٹ بڑھا کر دینا ہے، فوجیوں کی تنخواہوں کو ڈبل ٹرپل ابھی کرنا ہے، اس میں کوئی دو رائے یا مشورہ نہیں ہے، اس کے لیے چاہے پورے پاکستان کے ڈویلپمنٹ فنڈ بند کردیں، چاہے پارلیمنٹ کی بجلی بند کردیں، ہمیں سڑک پر بٹھانا ہے تو بٹھادیں مگر یہ کام کرنا ہے کیوں کہ دفاع ہوگا تو پاکستان ہوگا، دفاع ہوگا تو ڈویلیپمنٹ، سرمایہ کاری اور ہم محفوظ رہیں گے، سینیٹ میں تمام سینیٹرز نے میری بات کی حمایت کی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے سینیٹ اجلاس کے دوران بھی سینیٹر فیصل واوڈا نے یہی مطالبہ کیا تھا کہ ملک کا دفاع بجٹ بڑھانا اور فوج کی تنخواہوں کو دگنا کرنا پڑے گا، رمضان میں فوج کے سپاہی کو 2 ہزار دیتے ہیں جس میں وہ سحری، افطاری اور رات کا کھانا کھائے، اگر اُس کے 4 بچے ہیں تو ہم 11 روپے کے حساب سے پیمنٹ کر رہے ہیں، وہ اِن 11 روپے کے بدلے میں دبا دب خون دے رہے ہیں، پاکستان کو جتا بھی رہے ہیں، سر پلیز دفاعی بجٹ دوگنا تگنا کریں، ہم محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور قوم متحد ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ بجٹ کو کیسے دو یا تین گنا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا پیٹ کاٹ کر دفاعی بجٹ کو بڑھانا پڑے گا، ہمیں ترقیاتی منصوبوں کی بجائے اب دفاع پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی، افواج پاکستان کی تنخواہوں کو دوگنا کرنا وقت کی ضرورت ہے اور بھارت کے مقابلے کے لیے حکمت عملی پر بھی سنجیدہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، بھارت سے جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی ہمیں ترقی کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات