Live Updates

کمشنرمکران قادر بخش پرکانی نے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کرضلع کیچ میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا

پیر 26 مئی 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر ضلع کیچ میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کیا ، اس موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر وحید بلیدی، پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ مینجر ڈاکٹر منیر احمد رند، ڈبلیو ایچ او کے ڈسٹرکٹ سرویلنس آفیسر ڈاکٹر ارسلان بلوچ، یونیسیف کے کمیونیکیشن آفیسر ذوہیب حسن، ایم این سی ایچ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر لعل جان بلوچ، اور ڈسٹرکٹ پولیو فوکل پرسن ظریف علیان رند نے شرکت کی۔

تقریب سے کمشنر مکران نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ ضلع کیچ کو پولیو سے مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو ٹیموں کی سابقہ کارکردگی لائق تحسین رہی ہے اور توقع ہے کہ اس بار بھی وہ بھرپور محنت، جذبے اور عزم سے خدمات انجام دیں گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت اور پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کا واحد مؤثر ذریعہ بروقت ویکسینیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے حصے کا کردار ادا کرے تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جا سکے۔ ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر وحید بلیدی نے والدین سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ وہ ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل پا سکیں۔

ڈسٹرکٹ پولیو فوکل پرسن ظریف علیان رند نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے دوران ضلع کیچ میں 93,667 بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 392 موبائل ٹیمیں، 11 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 86 فکسڈ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جو ضلع بھر کے شہری و دیہی علاقوں میں خدمات انجام دیں گے۔واضح رہے کہ ضلع کیچ میں بھی بلوچستان کے دیگر اضلاع کی طرح انسداد پولیو مہم کا آغاز 26 مئی سے ہو چکا ہے، جو 30 مئی 2025 تک جاری رہے گی۔ اس دوران ضلع کیچ کی چاروں تحصیلیں تربت، بلیدہ، دشت، اور تمپ کو مکمل طور پر کور کی جائیں گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات