Live Updates

پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے صوبہ بچاؤ ریلی

پیپلز پارٹی کے کارکنان کے پی اسمبلی کے سامنے جمع ہوگئے اور خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف احتجاج کیا پشاور، وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کے دوران پی پی ورکرز اور پولیس میں تصادم،پولیس کی شیلنگ، کارکنوں کا پتھراؤ، مظاہرین نے پی ٹی آئی کا کیمپ جلادیا، ریڈ زون کا دروازہ توڑ دیا

پیر 26 مئی 2025 21:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے صوبہ بچاؤ ریلی کے دوران وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش پر پولیس نے شیلنگ کردی، مظاہرین نے پتھراؤ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کیمپ کو آگ لگادی اور ریڈ زون کا گیٹ توڑ دیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے مردان سے صوبہ بچاؤ ریلی نکالی گئی۔ متعدد گاڑیوں پر مشتمل ریلی ریلوے گراؤنڈ نوشہرہ روڈ سے پشاور روانہ ہوئی جس کی قیادت ڈویڑنل صدر عمر فاروق خان ہوتی نے کی۔

ریلی کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کرپشن کے خلاف نعرے درج تھے۔پیپلز پارٹی کے کارکنان کے پی اسمبلی کے سامنے جمع ہوگئے اور خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف احتجاج شروع کردیا ساتھ پی پی نے صوبے بھر کے کارکنوں کو پشاور پہنچنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

اس دوران پی پی پی ورکرز نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی جس پر ریڈ زون کے دروازے بند کردئیے گئے جواب میں مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی چوک کو بلاک کردیا جس پر خیبر روڈ ٹریفک کے لئے دونوں اطراف سے بند ہوگیا۔

احتجاج میں پی پی پی صوبائی صدر ہمایون خان، احمد کریم کنڈی، محمد علی شاہ باچا اور دیگر بھی پہنچ گئے۔مظاہرین نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی جس پر پولیس نے انہیں روکنے کے لیے شیلنگ شروع کردی۔ مظاہرین نے ریڈ زون کا حصار توڑ کر وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی اس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔مظاہرین نے پی ٹی آئی کے ایک کیمپ کو بھی اسمبلی چوک میں آگ لگادی اس دوران پی ٹی آئی کے کارکنان کیمپ چھوڑ کر چلے گئے، بعدازاں پی پی ورکرز نے ریڈ زون کا گیٹ توڑ دیا۔

پی پی رہنما احمد کریم کنڈی نے کہا کہ وسائل پر اختیار، پختونوں کو شناخت پیپلز پارٹی نے دی، یہ صوبہ پیپلز پارٹی بچائے گی یہاں کرپشن کی داستانیں رقم ہورہی ہیں، کرپٹ حکومت عوام کے پیسوں سے جیبیں بھر رہی ہے، جلد وزیر اعلی ہاؤس کی طرف مارچ ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات